جاپان: ورکرز کنونشن بسلسلہ استقبال قائد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ایباراکی کین (جاپان) کے زیر اہتمام مورخہ 18 نومبر2012ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان آمد کے حوالہ سے عظیم الشان ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سید عثمان شاہ بخاری (صدر) اور اعجاز رمضان کیانی (ناظم ) نے کی۔ کنونشن میں ایبارکی، ٹوکیو، گھوما، اور سائتاما کے ممبران نے شرکت کی۔

کنونشن کا باقاعدہ آغاز علامہ آفتاب احمد قادری (ڈائریکٹر اسلامک سنٹر ناگویا) نے تلاوت کلام پاک سے کیا، بعد میں اجتماعی طور پر آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی پر درود وسلام پیش کیا گیا۔ سید عثمان شاہ بخاری نے اجلاس کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو کہا کہ منہاج القرآن کی 32 سالہ تاریخ میں 23 دسمبر کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کا مستقبل روشن ہو اور ملک پاکستان میں ہمارے جان ومال اور عزت کی حفاظت ہو تو آج ہمیں عملی طور پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکلنا ہوگااور اپنے تن من دھن کی قربانی دے کر اس ظالمانہ نظام کے خلاف ٹکرانا ہوگا، جس پرحاضرین نے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کیا۔

علامہ آفتاب احمد قادری (ڈائریکٹر اسلامک سنٹر ناگویا)نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن کی 32 سالہ تاریخ ایک جہد مسلسل ہے جس میں محنت، لگن اور شب وروز کی انتھک محنت شامل ہے۔ ہماری پہلی زندگی روزوں کی طرح تھی مگر 23 دسمبر کا دن ہمارے لئے عید کے دن کی حیثیت رکھتا ہے، ہمیں پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کا دست وبازو بننا ہوگا۔

علامہ محمد شکیل ثانی (ڈائریکٹر اسلامک سنٹر ایبارکی) نے اپنی تربیتی گفتگومیں کہا کہ ہمیں اس ظالمانہ نظام انتخاب کے لئے اٹھ کھڑا ہونا ہوگا اور شیخ الاسلام کے ساتھ وفا کا اظہار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن محض دینی جماعت نہیں بلکہ حقیقت میں مسجد سے نکل کر حسین کے کردار کو زندہ کرنے کی تحریک ہے جس کے قائد نے حق کے لئے کربلا کی فکر کو اپنایا اور یزیدی طاقتوں کے خلاف آواز کو بلند کیا ہے۔ اس کے بعداعجاز رمضان کیانی نے اجلاس کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا اور مالی معاونت کا اعلان کیا۔ محمد انعام الحق نے تمام ممبران کا تعارف کرایا۔کنونشن میں مرکزی تنظیم کے عہدیداران محمد سلیم خان، چودھری شاہد رضا، محمد حنیف مغل، محمد ایاز، محمد اصغر بھنڈر، اکرام بار کے علاوہ کثیر تعدا میں لائف ممبران، ریگولر ممبران اور محبین نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی دعا کرائی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top