جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل (یاشیو) کے زیر اہتمام محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان اور مولود النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زیر اہتمام مورخہ 20 فروری 2014 کو جامع مسجد غوثیہ یاشیو میں عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی، جس میں جاپان بھر کی مذہبی، سیاسی، سماجی جماعتوں کے نمائندگان کے علاوہ جاپان بھر سے عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جوق در جوق شرکت کی۔ معروف کالم نگار، دانشور اوریا مقبول جان نے محفل کی صدارت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری علی حسن نے حاصل کی۔ معوذ ٹیپو، سید کمال رضوی، ثاقب الرحمن اور دیگر نعت خوانوں نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض مفتی محمد رضوان یوسفی نے اداکئے۔ پروفیسر سلیم الرحمن، حسین احمد خان، عبدالرحمن اور دیگر مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پاکستان سے تشریف لائے دانشور اوریا مقبول جان نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پرعمل کرنے پرزور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کائنات میں جلوہ گر ہونے پر ایک بڑ انقلاب آیا۔ آپ کی سیرت وکردار پر عمل کرنے والے ایک مرد قلند رکی قیادت میں انشاء اللہ بہت جلد پاکستان کی سرزمین پر بھی بہت بڑا انقلاب آنے والا ہے جو ہر ظالم کو بہا کر لے جائے گا۔

علامہ شکیل ثانی(ڈائریکٹر منہاج القرآن جاپان) نے اپنی گفتگو کرتے ہوئے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کی بلندی اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی پستی کا حل سیرت رسول پر عمل اور ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے ٹوٹ کر محبت میں ہے۔ منہاج القرآن اباراکی کین سے حافظ محمد ایوب بٹ، رانا محمد اکرم، عظیم بٹ، ملک فیصل قادری، حبیب الرحمن، سائیں سلیم شیرو، حافظ محمد یعقوب، ثاقب الرحمن، شاہد رضا، سید کمال رضوی، پروفیسر سلیم ندوی، قاری علی حسن، ملک نور احمد، عبدالرحمن صدیقی اور حسنین احمد خان نے بھی شرکت کی۔پروگرام کا اختتام درود وسلام او ر دعا سے ہوا۔

رپورٹ: حافظ محمد ایوب بٹ

تبصرہ

Top