سالانہ فرید ملت سیمینار 2012ء (جھنگ)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات جھنگ میں ہوئیں۔ جہاں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عظیم الشان فرید ملت سیمینار 5 ستمبر 2012ء کو ضلع جھنگ میں منعقد کیا گیا۔ عرس مبارک کی سالانہ تقریبات کا آغاز فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری کے مزار اقدس پر چادر پوشی، اور اجتماعی قرآن خوانی و فاتحہ خوانی سے ہوا۔

سیمینار میں نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت علامہ رانا محمد ادریس قادری، ناظم اجتماعات جواد حامد، نائب ناظم دعوت علامہ فیاض بشیر قادری، نائب ناظم تربیت غلام ربانی تیمور، نائب ناظم اجتماعات شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق (لاہور)، حاجی محمد منشاء (چوک اعظم، لیہ/ عمان) اور دیگر مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن کے علاوہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ و طلبہ کے وفد نے بھی سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے میزبان صبغت اللہ قادری، قدرت اللہ قادری، شفقت اللہ قادری نے مرکزی قائدین اور معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

سیمینار کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر منہاج نعت کونسل ظہیر بلالی برادران، منہاج نعت کونسل امجد بلالی برادران، شکیل احمد طاہر، سرور صدیق قادری اور دیگر مقامی معروف ثنا خواں حضرات نے نعتیہ کلام اور منقبت پیش کر کے ماحول کو معطر کر دیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ آج شیخ الاسلام کی روحانی، علمی اور دینی کاوشوں کا سہرا ڈاکٹر فرید الدین قادری کے سر ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ماحصل ایک شخصیت کی صورت میں ہمیں دیا اور اپنے جگر گوشہ کی تربیت کچھ اس انداز سے فرمائی کہ اب وہ ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک فکر، ایک تاریخ اور ایک تحریک ہے۔ ایک جذبہ ہے جو دلوں میں ایک ولولہ تازہ پیدا کر رہا ہے۔ ایک نور ہے جو ہر سو اجالا بکھیر رہا ہے۔ ایک ہمہ جہتی تحریک جو امت مسلمہ کو امن و اتحاد کی لڑیوں میں پروتی چلی جا رہی ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اجتماعات نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین رحمۃ اللہ علیہ نے شیخ الاسلام کی صورت میں امت کو وہ عظیم قائد دیا جس نے صدیوں کا علمی قرض چکایا۔ انہی کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو تحریک منہاج القرآن کی صورت میں ایک پلیٹ فارم دیا اور اس کے ذریعے پوری دنیا میں عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے پس منظر میں ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی محنت، خواہش اور علمی و روحانی فیوض و برکات پوری طرح شامل ہیں۔ ان کی شخصیت تحریک منہاج القرآن کے تعارف کا ایک اہم ترین حوالہ ہے۔

علامہ فیاض بشیر قادری نے کہا کہ فرید ملت اپنے عہد کے عظیم صوفی تھے۔ جنہوں نے تقویٰ میں اعلیٰ مقام حاصل کیا اور ان کی دعا سے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی نابغہ عصر شخصیت عطا ہوئی۔ فرید ملت نے نفسانی خواہشات کے مقابلے میں روح کو طاقتور کرنے کا درس عظیم دیا۔

حافظ عمر مصطفیٰ قادری نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری (رحمۃ اللہ علیہ) ہمہ پہلو شخصیت تھے ان کی ساری زندگی حصول علم کیلئے وقف تھی، شب زندہ دار تھے اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کا سرمایہ حیات تھا۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے علمی و روحانی فیوضات و برکات سے ہمیں اپنے دامن کو مالا مال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

تقریبات میں جھنگ سے کثیر تعداد میں زائرین نے بھی شرکت کی، جن کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام اور تقریبات کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top