میاں چنوں میں منہاج اسلامک سنٹر کا قیام اور توسیعی منصوبے کا آغاز

مورخہ: 08 مارچ 2011ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام میاں چنوں میں منہاج اسلامک سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس حوالے سے 8 مارچ 2011ء کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے ڈپٹی ڈائریکٹر میاں افتخاراحمد، انجینئر افضال غوث، محمد اشفاق کے ہمراہ چک نمبر 59 (15 ایل) تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں قائم ہونے والے منہاج اسلامک سینٹر کا دورہ کیا۔ 4 کنال پر مشتمل یہ اراضی حال ہی میں الحاج محمد ریاض جونا نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو عطیہ کی ہے جس میں دو کمرے، ایک بڑا ہال، 4 باتھ رومز اور مکمل چار دیواری شامل ہے جبکہ پراجیکٹ کے ساتھ ایک مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے۔

اس موقع پر پراجیکٹ انچارج حافظ محمد رمضان نے بتایا کہ میاں چنوں کے گرد و نواح کے 5 سے زائد ایسے مقامات ہیں جہاں کوئی اسکول موجود نہیں۔ منہاج القرآن اسلامک سینٹر سے اردگرد کے دس علاقوں کے طلباء اب اسکول کی سہولت سے مستفید ہونگے۔

اس موقع پر افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس پراجیکٹ کے توسیعی منصوبے کا جلد آغاز کیا جائیگا، دور دراز سے آنے والے طلباء کیلئے رہائش کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔ پہلے مرحلے میں پرائمری اور دوسرے مرحلے میں سیکنڈری اسکول کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ اس منصوبے کے لیے فوری طور 25 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ اس پراجیکٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ توسیعی منصوبے پر جلد کام کیا جاسکے۔

تبصرہ

Top