منہاج کالج فار ویمن خانیوال میں ٹیلنٹ ہنٹ ایوارڈز کی پروقار تقریب
طالبات کی شاندار کارکردگی، والدین و معزز مہمانان کی بھرپور شرکت
منہاج کالج فار ویمن خانیوال میں ٹیلنٹ ہنٹ اور تقسیمِ انعامات کی ایک خوبصورت اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت محترمہ نورین نشاط خان ڈاھا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل تنویر اعظم سندھو نے کی، جب کہ وائس پرنسپل بینش فاطمہ اور ہیڈ آفس سے تشریف لائے ڈپٹی ڈائریکٹر فائنانس شفقت ندیم کی خصوصی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور درودِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت سیکنڈ ایئر کی طالبات نے حاصل کی۔ بعد ازاں مہمانانِ گرامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طالبات کی محنت، صلاحیت اور نظم و ضبط کو سراہا اور ادارے کی جانب سے کیے گئے اعلیٰ تعلیمی و اخلاقی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مہمان خصوصی نورین نشاط خان ڈاھا، پرنسپل تنویر اعظم سندھو اور وائس پرنسپل بینش فاطمہ نے ٹیلنٹ ہنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں ’’خصوصی اسناد اور اعزازی شیلڈز‘‘ تقسیم کیں۔ اس موقع پر کالج ھذا کے پرنسپل نے مہمانِ خصوصی کو کالج کی جانب سے ’’اعزازی شیلڈ‘‘ بھی دی۔
تقریب میں شریک والدین، اساتذہ، طالبات اور علاقہ مکینوں نے پروگرام میں گہری دلچسپی لی اور شاندار انتظامات پر منتظمین کو سراہا۔ اختتام پر قومی ترانے کے احترام میں تمام شرکاء اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے، جس نے تقریب کو ایک قومی وحدت اور وقار کا رنگ دے دیا۔
منہاج کالج فار ویمن خانیوال کی جانب سے اس نوعیت کی تقریبات کا مقصد طالبات کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا اور انہیں ایک مثبت، بااعتماد اور باعمل شہری بننے کے لیے حوصلہ افزائی فراہم کرنا ہے۔
تبصرہ