تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے زیراہتمام درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے زیراہتمام مورخہ 15 فروری 2012ء کو جامع مسجد حضرت حاجی بہار رحمۃ اللہ علیہ میں ماہانہ درس عرفان القرآن منعقد ہوا۔ جس میں تلاوت کلام مجید کی سعادت قاری معین الدین چشتی نے حاصل کی۔ جبکہ حافظ عبدالقیوم نے بارگاہ سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ درود شریف پیش کیا۔

درس عرفان القرآن میں مرکزی ناظم دعوت علامہ محمد افضال قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے اختیارات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جس میں انہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تشریحی، تشریعی اور تکوینی اختیارات پر قرآن و حدیث سے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے پختہ تعلق استوار کر کے اپنی دنیوی اور اخروی فلاح کا سامان کیا جائے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد نے کثیر تعداد میں درس عرفان القرآن میں شرکت کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے جملہ عہدیداران اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف اور خطابات کی سی ڈیز کا سٹال بھی لگایا گیا تھا، جس سے عوام الناس کی کثیر تعداد نے استفادہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا گیا اور علامہ اشرف الدین نے اختتامی دعا کرائی۔

رپورٹ : سید مدثر شاہ چشتی
ناظم نشر و اشاعت تحریک منہاج القرآن کوہاٹ

تبصرہ

Top