ساؤتھ کوریا : شان مصطفی (ص) واہل بیت (رض) کانفرنس

25 نومبر 2012 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیراہتمام فقید المثال شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شان اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی، جبکہ دیگر معززین کانفرنس میں صدر منہاج ایشن کونسل علی عمران قادری (جاپان)، سیکرٹری جنرل منہاج ایشن کونسل امجد نیاز (ہانگ کانگ) اور میڈیا سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان شاہد چوہدری بھی شامل تھے۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ بعدازاں تاجدار کائنات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس عظیم الشان کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اور صدر منہاج سپریم کونسل صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو حال ہی میں مصر سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دنیا کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں اور ظلم، جہالت اور بدعنوانی جیسے گھناؤنے عناصر کے خلاف آواز حق بلند کرنے سے انسانیت کو پھر سے عظمت و وقار مل سکتا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے دورہ ساؤتھ کوریا کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے تحت خریدے گئے نئے مرکز و مسجد کا افتتاح کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے مختلف احباب سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیالات بھی کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر امت مسلمہ کی وحدت، انسانیت کی امن و آشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: ملک ناصر حسین اعوان (سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا)

تبصرہ

Top