ساؤتھ کوریا: شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیراہتمام مورخہ یکم نومبر 2014 کو انچھن سٹی میں عظیم الشان شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں کارکنان اور مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت میاں اشرف قادری نے حاصل کی جبکہ اشفاق قادری، پرویز قادری اور لالہ جی نے آقاء دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ کانفر نس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے فلسفہ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بعض نام نہاد علماء واقعہ کربلا کو دو شہزادوں کی جنگ قرار دیتے ہیں اور اسے اقتدار کی ہوس سے تشبیہ دیتے ہیں۔ شاید وہ بھول گئے ہیں کہ خود سرور کونین نے جب ام سلمہ کو ایک شیشی میں مٹی دی تھی تو اپنے نواسے کی شہادت کی خبر بھی دی تھی۔ یہ اسلامی اقدار کی تباہی اور ان کا مذاق اڑانے والوں اور ان اقدار کے محافطوں کی جنگ تھی۔

محمد جمیل چودھری نے کہا کہ اگر یہ دو شہزادوں کی جنگ ہوتی تو روئے کائنات پر مسلمان یزید کے نام پر اپنے بچوں کے نام رکھتے مگر پوری انسانیت میں حسین حق کا اور یزید باطل کا نام ہے۔ لوگ حسینیت زندہ باد اور یزیدیت مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔ آج کے دور میں بھی یزیدی سوچ اور کردار رکھنے والے اس کے کارندے موجود ہیں لہذا ہمیں حسینی کردار اپناتے ہوئے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر اجتماعی درود وسلام پیش کیا گیا اور دعا کی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء میں حسینی لنگر بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: محمد فاروق

تبصرہ

Top