منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت جنرل کونسل کا آن لائن اجلاس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت جنرل کونسل کا آن لائن اجلاس مورخہ 11 اپریل 2021 کو صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت محترم حاجی عبدالرشید صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی مرکزی مجلس عاملہ، زونل تنظیمات اور جملہ فورمز کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ موجودہ حالات کے پیش نظر یہ اجلاس آن لائن کیا گیا جس میں سب احباب کو آن لائن کنکٹ کرنے کے لئے نومنتخب ناظم عمومی محترم اصغر علی نے خصوصی کاوش کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت محترم اصغر علی نے حاصل کی۔ آقا کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ثناء خوانی کا شرف جناب قیصر عمر نے قصیدہ بردہ شریف کے اشعار پڑھ کر حاصل کیا۔ اس کے بعد صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت جناب حاجی عبدالرشید نے شرکاء تقریب کو welcome کیا اور نشست کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ مجلس عاملہ میں شامل ہونے والے نئے احباب کا سب کو تعارف کرایا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی مرکزی مجلس عاملہ میں نئی تقرریوں کا مرکز سے موصول ہونے والا لیٹر پڑھ کر سنایا گیا۔ اس کاروان حق میں شامل ہونے والے نئے ذمہ داران میں ناظم عمومی محترم اصغر علی، نائب ناظم عمومی محترم طاہر محمود، ناظم نشر واشاعت محترم نصیر احمد بٹ اور نائب ناظم نشر واشاعت محترم محمد لبیب سبحانی شامل ہیں۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت جناب حاجی عبدالرشید نے نئے شامل ہونے والے زمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ سینئر نائب صدر محترم ڈاکٹر باغ اور سابق صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت محترم چوہدری منیر احمد قادری نے اپنے وسیع تر تجربہ کی روشنی میں نومنتخب حضرات کی راہنمائی فرمائی۔ نائب صدر دوئم محترم سرفراز احمد نے بھی منہاج القرآن سے وابستہ ہونے کے ثمرات سے آگاہ کیا۔ سابق ناظم عمومی محترم احمد حسین چوہدری نے بھی نئے ذمہ داران کو مبارکباد اور دعائیں پیش کیں اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ناظم بنگلہ دیش کمیونٹی محترم سید لقمان علی شاہ نے منہاج القرآن کے اعلیٰ مقام اور اس کی حقانیت کو اجاگر کیا اور اس کے ساتھ جڑے رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ناظم انڈین کمیونٹی محترم راشد ابرار نے منتخب احباب کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ نومنتخب اراکین نے اپنے قوی عزم کا اظہار کیا۔ محترم محمد شفیق نقشبندی اور دیگر احباب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مرکزی ناظم مالیات محترم قیصر عمر نے رمضان المبارک کی روحانی برکات سمیٹنے کے ساتھ ساتھ زکوۃ فطرانہ مہم بھرپور انداز میں چلانے کی تجاویز دیں اور سب کو تاکید کی کہ بھرپور محنت اور کوشش سے اس مہم کو کامیاب بنائیں۔

رکن زونل تنظیم شرق محترم محمد اسلم کے والد گرامی جو کہ 2 اپریل کو انتقال فرما گئے تھے ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر حاجی عبدالرشید نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اجلاس کی کامیابی پر سب کو مبارکباد پیش کی۔

اجلاس کے برخاست سے پہلے سب نے مل کر شرکاء مجلس اور سب کے اہل و عیال کی سلامتی، کویت اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی، کرونا وائرس کی مہلک وباء سے نجات کے لیے اور منہاج القرآن کے جملہ ذمہ داران اور وابستگان کی سلامتی کے لیے رقت آمیز دعا کی۔

تبصرہ

Top