منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 25 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی 7ویں سالانہ تقریب 24 اپریل 2011ء کو نیو کیمپس منہاج یونیورسٹی بغداد ٹاون لاہور میں منعقد ہوئی۔ 25 نوبہیاتا جوڑوں میں 2 مسیحی جوڑے بھی شامل تھے۔ منہاج یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ہونے والی پروقار تقریب میں سیاسی، سماجی اور دانشور شخصیات کے علاوہ شوبز کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے کی۔

معزز مہمانان گرامی میں افضل خان (ریمبو)، اداکارہ صاحبہ، اداکارہ بہار بیگم، کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہالینڈ ڈاکٹر عابد عزیز، ایم پی اے میاں نصیر احمد، علینہ ٹوانہ، ایم پی اے اعجاز خان، ایم پی اے سیف الملوک، ملک محمد افضل کھوکھر، ڈاکٹر اسلم بھٹی، چودھری شرافت علی، حاجی حمید اللہ فرانس، ڈاکٹر منور چند، علی غضنفر کراروی، پادری گلزار برکت اور جاوید اختر مسیح شامل تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح دس بجے ہوا۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے دلہا اور ان کے براتیوں کی خوش آمدید کیا گیا۔ دلہنوں اور خواتین کے استقبال کے لیے منہاج ویمن لیگ کی قائدین بھی پنڈال میں موجود تھیں۔ باراتوں کا استقبال بینڈ باجے سے کیا گیا۔

مفتی عبدالقیوم ہزاروی نے ہر جوڑے کا نکاح علیحدہ علیحدہ پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑوں کی شادی کی رسومات پادری یوسف پطرس نے ادا کیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان اور جیولری سیٹ دیا گیا۔ جبکہ ہر دولہا کو ایک گھڑی اور حق مہر کیلئے 5000 روپے کا تحفہ دیا گیا۔ تقریب میں تمام جوڑوں کی طرف سے 3000 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی، جن کی تواضح پرتکلف کھانے سے کی گئی۔

تقریب میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نےاظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ اس نے معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کی ہے۔ دوسروں کو خوشی دینے کیلئے کوشش کرنا بہت افضل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کیلئے عملی کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ آج کی یہ تقریب بھی اس کی عملی مثال ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہالینڈ کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر عابد عزیز نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر معاشرے کے غریب طبقے کو دائمی خوشیاں دینے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ اسلام نے ہمیشہ محروم طبقہ کو ریلیف فراہم کیا۔ یہ تقریب بھی اس سلسلے کی عملی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کے محروم اور مستحق لوگوں کی خدمت کا یہ عمل جاری رکھیں گے۔

 

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری اجتماعی شادیوں میں آنے والے جوڑوں کو خوش آمدید کہا اور فلاحی پراجیکٹس کی تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہر سال ملک بھر کے مختلف شہروں میں شادیوں کی اجتماعی تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ جن میں مستحق اور نادار لوگوں کی منتخب کیا جاتا ہے۔ ان شادیوں کا انتظام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے کرتی ہے جس کا مقصد معاشرے سے غربت اور استحصالی نظام کا خاتمہ ہے۔

معروف صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی یہ تقریب معاشرے کو حقیقی خوشی دینے کی خوبصورت کاوش ہے۔ ملک میں ایسی تقریبات کا اہتمام باقاعدگی سے ہو تو ہوا کی کوئی بیٹی بھی غربت کی وجہ سے اپنے ہاتھ پیلے کرنے کے لیے انتظار نہ کرے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرح حکومتی سطح پر ایسی تقریبات کا انعقاد ہونا چاہیے۔

اداکارہ نشو بیگم اور اداکارہ بہار بیگم نے کہا کہ انہیں یہاں آکر خلوص اور محبت کی جھلک دیکھنے کو ملی۔ ایسی کاوشیں غریبوں کو حقیقی خوشیاں دینے کی خوبصورت مثال ہے۔ منہاج القرآن کا یہ سلسلہ دیکھ کر پتہ چلا کہ دین میں ویلفیئر اور فلاح اہم جزو ہے، جس کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

معروف اداکار افضل خان ریمبو نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی یہ تقریب دیکھ کر بے ساختہ دعا نکلتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو لمبی عمر اور صحت عطا فرمائے۔ آج کی تقریب میں روحانی خوشی وافر مقدار میں بٹ رہی ہے۔

ممتاز سماجی رہنماء علینہ ٹوانہ نے کہا کہ بلا تفریق مذہب غریبوں کو خوشیاں دینے کی یہ پروقار تقریب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے انتہائی اہم ہے۔ ہر سال خوشی کی اس تقریب میں شرکت کر کے حقیقی خوشی محسوس کرتی ہوں۔

ن لیگ کے ایم پی اے اعجاز خان نے کہا کہ آج کی خوبصورت تقریب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا کام دیگر فلاحی اداروں کیلئے رول ماڈل ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ کوشش پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ایم پی اے میاں نصیر احمد نے کہا کہ سیلاب کے دنوں میں میں جہاں بھی گیا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے امدادی کیمپ سب سے نمایاں تھے۔ آج منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خوشیوں بھری تقریب میں آکر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ایک اور کاوش کو دیکھنے کا موقع ملا اور حقیقی خوشی لے کر جارہا ہوں۔

پروقار تقریب سے جی ایم ملک، احسان اللہ وقاص، عظمی بخاری، ساجد بھٹی، غلام مرتضی علوی اور جواد حامد نے بھی خطاب کیا جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لندن کے مرکزی رہنماء داؤد مشہدی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔ اس موقع پر تمام نو بہیاتا جوڑوں کی پروقار رخصتی بھی ہوئی۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top