منہاج القرآن ویمن لیگ کی مشاورتی کونسل کا اجلاس

مورخہ: 11 مئی 2008ء

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مشاورتی کونسل کا اجلاس مورخہ 11 مئی کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوا۔ اس کی صدارت مرکزی ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز نے کی جبکہ منہاج ویمن لیگ کی دیگر مرکزی قائدین اور ملک بھر سے خواتین عمائدین نے اس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز صبح دس بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی کی گئی۔

اجلاس کے لیے کانفرنس ہال میں ایک خوبصورت راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں ہر معزز مہمان کی الگ نشست مخصوص کی گئی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ فرح ناز نے مشاورتی کونسل کے اجلاس کی غرض و غایت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں مختلف خواتین تنظمیں اور انجمنیں انفرادی طور پر این جی اوز کی شکل میں ملک میں سرگرم ہیں۔ ان تمام تنظمیوں اور انجمنوں نے ملک میں سوشل سیکٹر میں کام کیا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ملک بھر میں فحاشی و عریانی کے سیلاب میں کسی ایک بھی خواتین تنظیم اور سیاسی جماعت کے ویمن ونگ نے دین اسلام کی گرتی اقدار کے حوالے سے اپنا کوئی ایجنڈا نہیں پیش کیا۔ ملک میں خواتین کا تقدس و حرمت نیلام ہو کر رہ گئی ہے۔ ایسے حالات میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں امت مسلمہ کی خواتین کے تقدس و ناموس کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ یہ بیڑا اندرون و بیرون ملک خواتین میں دین اسلام کی اقدار کی بحالی کا ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ آج عورت کو معاشرے میں وہ مقام دینا چاہتی ہے جو اسلام نے اس کو دیا ہے۔ آج کی عورت ہوا کی بیٹی ہونے کا حق ادا کرے۔ تو کوئی وجہ نہیں کہ مصطفوی منزل کے حصول میں خواتین کا اہم حصہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا الحمد للہ آج منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین میں وہ اسلامی کلچر فروغ دیا ہے جو مدینہ کے والی حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت ہے۔ آج کی عورت کو "خاتون خانہ، گھر گھرانہ" کے تقدس میں رکھ کر دین کے لیے کام کرنا ہے۔ اگر ایسی بنیادوں پر دین اسلام کو ملک بھر کی خواتین میں پھیلا دیا جائے تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ یہ امت ترقی نہ کر سکے۔

اجلاس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی دیگر مرکزی قائدین نے بھی اظہار خیال کیا۔ ان کے علاوہ ملک بھر سے آئی خواتین قائدین نے بھی مشاورت کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔ خواتین نے متفقہ طور پر دین اسلام کی سر بلندی اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے کام کو بے حد سراہا۔ ہاؤس کی طرف سے ملنے والی تجاویز پر سیر حاصل بحث بھی کی گئی۔

اجلاس کے اختتامی سیشن میں نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کو اجلاس کی کارروائی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس رپورٹ کے جائزے کے بعد شیخ زاہد فیاض نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی بہترین کام کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین کو دین اسلام کی طرف دعوت دینا سب سے مشکل کام ہے۔ اس کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ میں معاشرے میں وہ کام کیا جس کی مثال تحریک کی زندگی میں پہلے نہیں ملتی۔ گزشتہ چند سالوں سے ویمن لیگ کی خواتین نے ملک بھر میں پروگرامز اور دیگر ایونٹ کیے ہیں جس میں ملک بھر کی خواتین نے بھر پور حصہ لیا ہے۔ اس کا تمام کریڈٹ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ان تعلیمات کو جاتا ہے جن کا پیغام امن و محبت دنیا بھر میں عام ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کا بھی جائزہ لے کر انہیں مزید بہتر طریقے سے کام کرنے کے لیے تمام سہولیات و مراعات کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top