لاہور: ویمن کنونش بسلسلہ اٹھارواں یوم تاسیس منہاج القرآن ویمن لیگ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے اٹھارواں یوم تاسیس کی تقریب مورخہ 28 دسمبر 2006 صبح 10:30 بجے مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن کے سبزہ زار میں میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت صاحبزادہ حسین محی الدین قادری (ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے فرمائی جبکہ مہمانان گرامی میں خدیجہ قرۃالعین قادری، امیر تحریک مسکین فیض الرحمٰن خان درانی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور سفیر یورپ حافظ نذیر احمد خان شامل تھے۔

سینئر مرکزی نمائندگان شاہد مغل نعمانی (کراچی)، رافعہ علی، فریدہ سجاد، گل فردوس (گجرات)، شمیم خان اور ڈاکٹر نوشابہ حمید نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں ام صباحت (ڈائریکٹر ایجوکیشنل کمپلیکس اوکاڑہ)، عائشہ نذیر خان (ہالینڈ)، روبینہ معین (پشاور)، عاتقہ چوہدری (گوجرانوالہ)، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور عائشہ شبیر، جیکولین ٹریسلر (نمائندہ مسیحی برادری) شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پروگرام میں گرلز کالج کی طالبات کے علاوہ پاکستان بھر کی تنظیمات نے شرکت کی۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض مرکزی ناظمہ دعوت ویمن لیگ راضیہ شاہین اور عظمیٰ زاہد نے بخوبی سر انجام دیئے۔ صحیفہ انقلاب کی تلاوت کی سعادت زہرہ ارشاد چشتی نے حاصل کی۔ تلاو ت کلام پاک کے بعد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں نذرانہ عقید ت پیش کرنے کی سعادت Qtv کی مشہور نعت خواں شبینہ ماجدہ نے حاصل کی۔

محترمہ راضیہ شاہین نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ 5 جنوری 1988ء کو شروع ہونے والے منہاج القرآن ویمن لیگ کے سفرانقلاب کو آج 18سال بیت چکے ہیں۔ 18سالہ اس تاریخ کو دیکھیں تو جہاں ہمیں عظیم خواتین کی قربانیاں نظر آتی ہیں وہاں ان قربانیوں کے صلے میں کامیابیوں کا ایک طویل سلسلہ بھی ہے۔ آج کے اس تاریخی پروگرام میں تنظیمات کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ویمن لیگ اپنی منزل کی طرف پوری ہمت اور جذبے سے رواں دواں ہیں۔

ملک بھر سے تشریف لانے والی ناظمات اور صدور نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس راہ عزیمت کے سفر کی داستان مختصر الفاظ میں بیان کی۔ اظہار خیال کا سلسلہ محترمہ روبینہ معین (پشاور ) سے شروع ہوا جنہوں نے بڑے دلی جذبات کو لفظوں کا رنگ دیا۔

شاہدہ مغل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کسی بھی تنظیم یا تحریک کا اہم حصہ ہیں۔ اور مشن کی مجاہدات کی مثال ان ابابیلوں کی مانند ہے جنہوں نے اپنی چونچوں میں کنکریاں لے کر خانہ خدا کے دشمنوں کو نیست و نابود کیا تھا۔

تقریب کا رنگ دوبالا کرنے کے لیے مظہر قریشی (کراچی) کو دعوت دی گئی جنہوں نے تحریکی نغمہ "سجائیں آنگنوں میں اک نگر ہم" پیش کیا جس کے بعد ام صباحت ( ڈائریکٹر ایجوکیشنل کمپلیکس اوکاڑہ)، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال اور جیکولین ٹریسلر ( نمائندہ مسیحی برادری) نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

گلشن قائد کی مہکتی کلی دختر شیخ الاسلام خدیجہ قراۃ العین قادری نے تقریب یوم تاسیس منہاج القرآن ویمن لیگ کی شرکاء سے خوبصورت گفتگو فرمائی۔

نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں ویمن لیگ تنظیمات کی کاوشوں اور مشن کے ساتھ اخلاص کو اسی گفتگو کا حصہ بنایا۔

سفیر یورپ جناب حافظ نذیر احمد نے بھی اسلام کے لیے خواتین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز نے یوم تاسیس کے اس پروگرام میں شرکت کرنے پر تمام کارکنان و عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور تمام تنظیمات سے اپنے قائد کے ساتھ تا عمر عہد نبھانے کا عزم لیا اور کارکن خواتین کو مزید محنت سے کام کرنے کے لیے کہا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو خصوصی خطاب کے لئے دعوت دی گئی، آپ نے اپنے خطاب میں اسلام سے پہلے اور بعد میں عورت کے مقام میں واضح فرق بیان کیا۔ اور اسلام میں عورت کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بطور داعیہ اور کارکن ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں اپنی خوبصورت اور پر اثر گفتگو کے ذریعے ہر شریک محفل کو مزید تڑپ، حوصلہ اور جذبہ سے ہمکنار کیا۔

ایک اور ولولہ انگیز نغمہ "عظمتوں کے نشاں اے میرے مہرباں، طاہر القادری" مظہر قریشی نے پیش کیا اور ساتھ ہی منہاج القرآن ویمن لیگ کے 18ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔

اس پر مسرت موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے شیلڈز کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کو ویمن لیگ سے خصوصی تعاون پر شیلڈ پیش کی گئی۔ جسٹس ناصرہ جاوید اور ام صباحت کو خصوصی شرکت پر شیلڈ پیش کی گئی۔ فیلڈ میں جدو جہد اور بہترین کارکردگی پر حوصلہ افزائی کے لیے عائشہ شبیر (لاہور)، امتیا ز جاوید (کراچی)، روبینہ معین (پشاور) کو شیلڈ ز دی گئیں۔ محترمہ عائشہ نذیر خان (ہالینڈ) کو خصوصی مالی تعاون پر شیلڈ دی گئی۔ سرپرست منہاج القرآن ویمن لیگ رفعت جبیں قادری کو ان کی 18 سالہ خدمات پر ہدیہ تبریک کے طور پر منہاج القرآن ویمن لیگ، کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی گئی جو ان کی طرف سے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے وصول کی۔

تقریب کے اختتام پر مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے لیے ترقی و کامیابی کی خصوصی دعا فرمائی۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top