تاجر وں و صنعتکاروں کےوفد کی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات

تعلیمی ادارے تاجر طبقہ سے مل کر پالیسی سازی کر سکتے ہیں: ڈپٹی چیئرمین منہاج یونیورسٹی لاہور
معیشت کی بہتری کےلیے تمام سٹیک ہولڈر مل بیٹھیں، گفتگو
شہباز اسلم کی قیادت میں آئے تاجروں کے وفد کاعوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نےاستقبال کیا

Delegation of traders and industrialists met with Dr Hussain Qadri

چیئرمین فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن شہباز اسلم نےوفد کے ہمراہ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل و ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے منہاج یونیورسٹی لاہور میںملاقات کی، اہم صنعتکار و تاجررہنما وفد کا حصہ تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے تاجروں و صنعتکاروں کے کردار کو سراہا۔

پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تاجر و صنعتکار کسی بھی ملک کی معیشت کی بنیاد ہوتے ہیں اور ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ تاجر برادری کی محنت اور سرمایہ کاری سے صنعتی ترقی، بین الاقوامی تجارت اور ملکی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے جو کسی بھی قوم کی اقتصادی خودمختاری کےلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ قومی مفادات کو ترجیح دیں اور اپنے کاروبار میں دیانتداری، شفافیت، اور معیار کو اپنائیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تجویز دی کہ تاجروں کے لیے دوستانہ پالیسیاں متعارف کرانی چاہئیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو مزیدفروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو مزید آسان اور شفاف بنایا جا نا چاہئے تاکہ تاجر برادری کو بلا خوف و خطر اپنا بہترین کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔

انہوں نے تاجر رہنمائوں کو بتایا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور نے اقتصادیات اور کاروبار کے شعبے میں مختلف مطالعاتی پروگرامز متعارف کرائے ہیں تاکہ نوجوانوں کو جدید اقتصادی رجحانات اور مہارتوں سے روشناس کرایا جا سکے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تعلیمی ادارے تاجروں و صنعتکاروں کے ساتھ مل کر تحقیق اور پالیسی سازی کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تاجروں و صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں اور معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری تعلیمی اور فلاحی منصوبہ جات میں اپنا کردار ادا کر کے نہ صرف معاشرے کی خدمت کر سکتی ہے بلکہ اپنے کاروبار کو بھی مضبوط بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی اور تحریک منہاج القرآن ہمیشہ تاجروں کی ہر ممکن رہنمائی اور تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ہر فرد کو معیشت کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تاجر رہنماؤں نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی رہنمائی تاجر برادری کے لیےانتہائی حوصلہ افزا ہے۔ دریں اثنا تاجروں کے وفد نے آغوش آرفن کیئر ہوم اور تحفیظ القرآن کا دورہ بھی کیا۔

عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنمائوں میاں محمد اسحاق، راشد چوہدری ایڈووکیٹ، ثاقب بھٹی، شہزاد رسول چوہدری، عابد بشیر و دیگر رہنمائوں نے وفد کا استقبال کیا۔ تاجر رہنمائوں نے آغوش آرفن کیئر ہوم اور تحفیظ القرآن کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد نے آغوش میں یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کے نظام کو سراہا اور تحریک منہاج القرآن کے ذیلی ادارے تحفیظ القرآن کو مثالی قرار دیتے ہوئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیم کے فروغ، بین المسالک و بین المذاہب رواداری کےلئے عملی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد میں سینئر وائس چیئرمین شفیق بٹ، سابق سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس عدنان خالد بٹ، ڈاکٹر صالح محمود، محمود احمد، فیصل محمود، وسیم چوہدری، چوہدری محمد آصف، عبد المجیدو دیگر رہنما شامل تھے۔

Delegation of traders and industrialists met with Dr Hussain Qadri

تبصرہ

Top