منہاج القرآن ویمن لیگ کے انیسویں یوم تاسیس کی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے 19 ویں یوم تاسیس کی پروقار تقریب مورخہ 27 جنوری 2008 منہاج القرآن پارک ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادیوں قرۃ العین فاطمہ اور قرۃ العین عائشہ نے خصوصی شرکت کی۔ ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، عائشہ شبیر، رابعہ عروج، راضیہ شاہین، رافعہ علی، ڈاکٹر نوشابہ، مسرت بشیر اور ویمن لیگ کی ملک بھر سے ہزاروں تنظیمی عہدیداران اور وابستگان نے شرکت کی۔ جبکہ مرکزی قائدین میں سے امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امورخارجہ جی ایم ملک، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، ناظم تمویلات شاہد لطیف قادری، ناظم ویلفیئر محمد عاقل ملک، ڈائریکٹر میڈیا ڈاکٹر شاہد محمود اور دیگر مرکزی قائدین نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس کے بعد کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادیوں قرۃ العین فاطمہ اور قرۃ العین عائشہ نے ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز اور ایگزیکٹو کی دیگر عہدیداران کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے انیسویں یوم تاسیس کی اس 4 گھنٹوں پر مشتمل تقریب کو پوری دنیا میں انٹرنیٹ پر براہ راست نشر کیا۔ تقریب کی مکمل کوریج ملاحظہ ہرمانے کے لئے یہاں کلک کریں۔

یوم تاسیس کی اس عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قرۃ العین فاطمہ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نہ تو روایتی مذہبی ہے اور نہ ہی روایتی سیاسی، ہماری جدوجہد کا مرکز و محور مصطفوی انقلاب ہے۔ مفاد قربان کرنے کا نام انقلاب ہے اور خود غرضی اور انقلاب کبھی جمع نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کوئی فرقہ وارانہ یا ہنگامی تحریک نہیں یہ پوری امت کی نمائندہ دائمی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت اپنے مقام کو خودی کے دائرے میں رہ کر پہچانے، اسکا زیور سونا اور چاندی نہیں بلکہ حیاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فرقہ وارانہ منافرت کو ذہنوں سے کھرچ کر عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو روح کی پاتال میں اتارنا ہو گا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی کامیابی کا راز اخلاص اور مجاہدے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین وظیفہ درود و سلام ہے اور قرآن کی تلاوت کر کے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان عورت سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنھا کی سیرت کو اپنا کردار بنا لے تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ نظام کو پاؤں کی ٹھوکر سے اڑا کر انقلاب کی طرہ بڑھنا ہو گا۔

شیخ الاسلام کی صاحبزادی قرۃ العین عائشہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کے تحفظ کیلئے امت کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا پلیٹ فارم عطا کیا ہے۔ اور انہوں نے حوصلہ اور عزم عطا کرکے انقلاب کا شعور بیدار کیا ہے۔ جس کے باعث حق کی آواز پوری دنیا کی خواتین تک پہنچ رہی ہے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ دعوت دین کیلئے ایک عورت کا گھر سے باہر نکلنا 70 مردوں کے برابر ہے اور آج یوم تاسیس کی تقریب میں آنے والی ویمن لیگ کی بہنیں خوش نصیب ہیں کہ انہیں دین کی خدمت کی نوکری نصیب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 19 برس قبل منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت کی کروڑوں بہنوں کو ایسا پلیٹ فارم دے دیا ہے جہاں سے وہ دین کی سربلندی کیلئے مؤثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔

مرکزی ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ 19 ویں یوم تاسیس پر میں انتہائی فخر سے یہ بات کہوں گی کہ حضور شیخ الاسلام کی اہلیہ محترمہ رفعت جبین قادری کی عظیم قربانی اور سرپرستی کی بدولت ہی آج ویمن لیگ کامیابی کی اس منزل پر کھڑی ہے کہ اس کا پیغام دنیا کے پانچ براعظموں تک پہنچ چکا ہے اور لاکھوں خواتین مشن کے ساتھ وابستہ ہو کر دین مبین کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امن کی خوشبو کی بجائے بارود کی بو پھیل رہی ہے مگر اس کے اذیت ناک ماحول میں تحریک منہاج القرآن سلامتی اور امن کا استعارہ بن کر کام کررہی ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے 19 ویں یوم تاسیس کے موقع پر فاطمہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 90 شہروں میں ہماری تنظیمات دین مبین کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہیں اور گھر گھر اسلام کا حقیقی پیغام پہنچ رہا ہے۔ تقریب کا اختتام قرۃ العین فاطمہ کی دعا سے ہوا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top