منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 شادیوں کی اجتماعی تقریب

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام 23 شادیوں کی اجتماعی سالانہ تقریب 12 اپریل 2009ء کو منعقد ہوئی۔ شادیوں کی اس تقریب کو خصوصی طور پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر بعثت مبارک کی نسبت سے منعقد کیا گیا۔ پروقار تقریب ماڈل ٹاون میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی نے کی جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادی محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل ھالینڈ اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ محترم ڈاکٹر عابد عزیز خاں، وفاقی وزیر محترمہ ثمینہ گھرکی اور ممبر قومی اسمبلی محترمہ خوش بخت شجاعت (ایم کیو ایم) مہمان خصوصی تھیں۔ دیگر معزز مہمانوں میں مسلم لیگ ق کی مرکزی رہنما و ممبر قومی اسملبی محترمہ ماروی میمن، محترمہ ماجدہ زیدی، محترمہ ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، محترمہ ثمینہ خاور، محترمہ ساجدہ میر، معروف اداکارہ و فلم سٹار محترمہ نشو بیگم، پاکستان پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کی ممبر محترمہ انصاف قریشی، سکھ رہنماء سردار کلیان سنگھ، شعیب خان نیازی، دیگر وفاقی و صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے دیگر ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد اقبال، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود اور امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم کی زیرنگرانی منعقد ہوئی۔ سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن میاں طاہر یعقوب، ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سجاد العزیز، ڈائریکٹر میڈیا میاں زاہد الاسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز عبدالحفیظ چودھری اور مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ صباء فاطمہ مشہدی نے خصوصی شرکت کی۔

صبح گیارہ بجے تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ اس سے قبل باراتوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ پنڈال کو خوبصورت رنگ برنگی جھنڈیوں اور خیر مقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی طرف آنے والے روڈ سے لے کر شادی کے پنڈال تک ہر بارات کا ڈھول کی تھاپ اور فوجی بینڈ سے استقبال کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے دولہا اور اس کے باراتیوں کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی قائدین نے دلہن اور ان کے ساتھ آنے والی خواتین کو پروقار انداز میں خوش آمدید کہا۔

پنڈال کو تین مختلف حصوں میں نہایت خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا جس میں دائیں طرف خواتین اور بائیں جانب مرد باراتی مہمانوں کو بٹھایا گیا۔ سٹیج کے دائیں جانب 23 دولہنیں جبکہ بائیں جانب 23 دولہوں کو الگ سٹیج پر بٹھایا گیا۔ ان کے قریب دولہا دلہن کے رشتہ داروں کی نشتیں لگائی گئیں۔ تقریب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آغوش کے بچوں نے بھی شرکت کی۔ ان بچوں نے تمام دولہوں کو خوبصورت گلدستے پیش کیے اور انہیں شادی کی مبارکباد پیش کی۔

پنڈال کے عقبی حصہ میں دلہنوں کے جہیز کے لیے ایک حصہ مختص کیا گیا تھا جہاں ترتیب کے ساتھ دلہنوں کو جہیز میں دیا جانے والا سامان رکھا گیا تھا۔ اس سامان میں عرفان القرآن کا نسخہ، جائے نماز، چار کرسیاں، ڈبل بیڈ، تکیے، گدے، کمبل، واشنگ مشین، ٹی وی، ڈی وی ڈی، پیڈسٹل فین، ڈنر سیٹ، استری، جوسر مشین اور روز مرہ گھریلو استعمال کی دیگر ضروری قیمتی اشیاء بھی شامل تھیں۔ جہیز کے سامان کو الگ الگ رکھا گیا تھا اور ان کے اوپر ایک بینر کے ذریعے دولہا اور دلہن کے علاوہ ان کے شہر کا نام بھی لکھا گیا تھا۔

منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو سوا لاکھ روپے جہیز کے سامان کا گفٹ دیا گیا۔ اس کے علاوہ دلہنوں کو سونے کے سیٹ اور دولہوں کو گھڑیوں کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ دلہنوں کو تحائف منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قائدین نے دیئے جبکہ دولہا حضرات کو تحریک کے مرکزی قائدین نے گھڑیاں پہنائیں۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کے انتظامات کسی طرح بھی انفرادی سطح پر ہونے والی شادیوں سے کم نہ تھے۔

23 جوڑوں میں ایک مسیح جوڑا بھی شامل تھا۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے معزز علماء کرام نے ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑے کی شادی کے لیے پاسٹر عرفان شہزاد نے اپنے مذہب کے مطابق دولہا اور دلہن کو اس مقدس رشتے میں باندھا۔ نکاح کے بعد مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے خطبہ نکاح پڑھا اور امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے دعا کرائی۔

تقریب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر ملک کے دیگر شہروں میں منہاج القرآن کی تنظیمات ہر سال علاقائی سطح پر اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا باقاعدگی سے اہتمام کرتی ہیں۔ اس طرح ایک سال کے دوران 250 سے لیکر 300 غریب بچیوں کی شادیاں کرائی جاتی ہیں۔ آئندہ سال 2010ء میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک کی مناسبت سے 63 بچیوں کی شادیاں ماہ ربیع الاول شریف میں کی جائیں گی۔ انہوں نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور فلاح کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی اور نفسا نفسی کے اس دور میں غریب گھرانوں کے اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنا اور اپنے بیٹوں کی خوشیوں کا بوجھ اٹھانا ناممکن ہو گیا ہے، ایسے حالات میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس عظیم کام کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کی ہر سطح پر عملی رہنمائی و مدد کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآل وسلم کی سیرت طیبہ کے عملی نمونے کو پیش کر رہی ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ آج ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ملک کی غریب عوام کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبے مزید زور و شور سے جاری رہیں گے۔

تقریب سعید سے امیر تحریک فیض الرحمٰن درانی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، محترمہ ثمینہ گھرکی، محترمہ خوش بخت شجاعت، محترمہ ماروی میمن، محترمہ ماجدہ زیدی، محترمہ ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، محترمہ ثمینہ خاور، محترمہ ساجدہ میر، اداکارہ و فلم سٹار محترمہ نشو بیگم، محترمہ انصاف قریشی، سکھ رہنماء سردار کلیان سنگھ سمیت دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تمام مقررین نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس کام کو سراہتے ہوئے اسے حکومتی سطح پر منظم کرنے کا کہا۔ وفاقی وزیر محترمہ ثمینہ گھرکی نے اپنی طرف سے ہر دولہا اور دلہن کو دس ہزار روپے فی کس نقد تحفہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں محترمہ نشو بیگم نے اپنی ہمنواؤں کے ساتھ عروسی کا نغمہ بھی گایا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود اور دیگر مرکزی قائدین نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ تقریب میں نقابت کے فرائض بلال مصطفوی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید افتخار احمد نے ادا کیے۔ دوپہر اڑھائی بجے اس پر وقار تقریب کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر قرآن پاک کے سائے میں 23 دلہنوں کی رخصتی کی گئی۔ اس موقع پر خوشیوں سے بھری تقریب میں کچھ لمحوں کیلئے شرکاء کی آنکھوں میں آنسو بھی آگئے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام مسکین فیض الرحمن درانی کی دعا سے ہوا جس کے بعد تمام معزز مہمانوں کی ولیمہ سے تواضع کی گئی۔

اخباری تراشے ملاحظہ فرمانے کے لئے کلک کریں

تبصرہ

Top