بیداری شعور ورکرز کنونشن (لیہ)

مورخہ: 03 جون 2012ء

تحریک منہاج القرآن لیہ کے زیراہتمام عظیم الشان بیداری شعور ورکرز کنونشن 3 جون 2012ء کو چوک اعظم میں منعقد ہوا، جس میں قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم مہمان خصوصی تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں نائب ناظم پنجاب قمر عباس دھول، نائب ناظم پنجاب سردار عمر دراز، صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل چوبارہ چودھری خضر عباس دھول کے علاوہ تحریک منہاج القرآن تحصیل لیہ، فتح پور اور کروڑ لعل عیسن کے عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں کارکنان خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ورکرز کنونشن کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، جس کے بعد علامہ خواجہ احمد نواز انجم کا کلام جو قائد کی آمد کے بارے لکھا گیا تھا خصوصی طور پر پیش کیا گیا۔

قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن؛ شیخ زاہد فیاض نے ورکرز کنونشن میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم کو نام نہاد جمہوریت کے جال میں پھنسا دیا گیا ہے۔ سرمایہ دارانہ جمہوریت اور تجارتی سیاست جس کا رواج اس وقت پاکستان میں عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ہی کم لوگوں کو چھوڑ کر غالب اکثریت اس ملک کے اقتدار کے ایوانوں اور سیاست پر ایسے لوگوں کی قابض ہے جن کا امانت میں کوئی کردار نہیں، دیانت میں کوئی درجہ نہیں۔ اخلاص میں کوئی مقام اور وفاداری میں کوئی سطح نہیں، قوم انہیں لوگوں کی راہنمائی اور اقتدار کا حق دار سمجھتی ہے۔ ہزار گالی بھی دیتی ہے اور ووٹ بھی جا کر انہیں کو دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قوم اس وقت تک اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر نہیں دیکھ سکتی جب تک سرمایہ داروں، وڈیروں اور جاگیرداروں کے مکر کی چالوں سے آگاہ نہیں ہو جاتی اور ان کے مکروہ چہروں سے نقاب نوچ کر اپنے لیے کوئی اور راستہ منتخب نہیں کر لیتی۔

ورکرز کنونشن سے امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم اور دیگر مقامی عہدیدان نے بھی خطاب کیا۔

کنونشن کے آخر پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

Top