چوبارہ، لیہ : بیداری شعور کنونشن

تحریک منہاج القرآن چوبارہ ضلع لیہ کے زیراہتمام بیداری شعور کنونشن کا انعقاد مورخہ 8 اکتوبر 2012ء کو چک نمبر 467 میں کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران اور کارکنان نے خصوصی شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔

کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن تحصیل چوبارہ سید فخر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بدترین مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ پاکستان کا الیکشن سسٹم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جاری سیاسی محاز آرائی کا عروج کی طرف جانا اس بات کا اشارہ ہے کہ مقتدر طبقات نے الیکشن کے نام پر عوام کو ذبح کرنے کا اختیار حاصل کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ 10 سے 20 کروڑ ایک حلقے پر ایک امیدوار خرچ کرے گا، عوام کو لالچ، دھونس، غنڈہ گردی، برادری ازم کے ڈنڈے سے ہانک کر بیلٹ باکس بھرے جائیں گے اور ’’جمہوریت‘‘ کا خوبصورت پراسس مکمل ہو کر ’’عوام کی حکومت‘‘ تشکیل پاجائے گی۔ عوام اصل دشمن کو پہچانیں وگرنہ اسمبلی میں پارٹیوں کی پوزیشن کا تناسب ہی تھوڑا بہت بدلے گا اور ملک حقیقی تبدیلی سے بہت دور چلا جائے گا۔ عوام تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم میں شامل ہو کر نظام انتخاب کو بدلنے کی فیصلہ کن جدوجہد میں شامل ہو جائیں تو حقیقی تبدیلی ان کا مقدر بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دشمن یہ سیاسی پارٹیاں نہیں اور کوئی ایک سیاسی پارٹی اس کی ذمہ دار نہیں بلکہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ہمارا دشمن ہے، ان شاءاللہ اگر قوم نے ساتھ دیا تو ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اس نظام کو دریا بردکر دیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاری عبدالرازق باروی نے کہا کہ منہاج القرآن کا مشن سچا اور حقیقی مشن ہے۔ تمام کارکنان اپنے قائد کا مشن اور پیغام بیداری شعور گھر گھر پہنچائیں۔ اس ملک کا مقدر مصطفوی انقلاب ہے۔ ان شاءاللہ تعالیٰ بہت جلد بیداری شعور کی تحریک کی آواز پورے پاکستان میں گونجے گی۔ ہمیں اس ملک کو کرپٹ نظام سے بچانے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دیے ہوئے نظام کو لانا ہو گا جس کے لیے ہمیں ہر حوالے سے بھرپور تیاری کرنا ہو گی۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ تحصیل چوبارہ چوہدری محمد شاہد نے ادا کیے۔ کنونشن کے اختتام پر ملکی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top