لیہ : دروس عرفان القرآن کی تیسری نشست

مورخہ: 09 جون 2017ء

تحریک منہاج القرآن لیہ کے زیراہتمام 5 روزہ درس عرفان القرآن کے سلسلہ وار پروگرام کا تیسرا پروگرام مؤرخہ 9 جون 2017 کو منعقد ہوا، جس میں علامہ محمد لطیف مدنی نے خصوصی خطاب کیا۔ نماز فجر کے بعد شروع ہونے والے اس پروگرام میں سینکڑوں خواتین و حضرات شریک ہوئے، خواتین کے لیے باپردہ انتظام کیا گیا تھا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے دروس عرفان القرآن کی تیسری نشست میں ’’اسوہ حسنہ اور ہماری زندگی‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں آقا علیہ السلام کی زندگی کو اہل ایمان کے لیے اسوۂ حسنہ قرار دیا گیا ہے، اس لیے رسول اکرمﷺ کی سیرت طیبہ میں تمام طبقاتِ زندگی کے لیے راہنمائی موجود ہے۔ انسانِ کامل ﷺ کا اٹھنا، بیٹھنا، چلنا پھرنا، کھانا، پینا، سونا، جاگنا، دن رات کے معمولات زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ سیرت طیبہ سے دوری ہمارے مسائل کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرے ہمیشہ تعلیم و تربیت اور اخلاق حسنہ سے عروج اور استحکام حاصل کرتے ہیں۔ معاشرہ کے امن، خوشحالی اور استحکام کا راز علم، عمل اور اخلاق میں پوشیدہ ہے۔ اسی طرح قیادتیں بھی علم، عمل اور اخلاق حسنہ سے تشکیل پاتیں اور ظہور پذیر ہوتی ہیں۔ اخلاق حسنہ کی اہمیت کے پیش نظر ہی اللہ رب العزت نے اپنے محبوب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خلق عظیم کے اعلیٰ درجہ پر فائز کیا۔ان اس بات پر زور دیا کہ اگر امت مسلمہ کو نشاۃ ثانیہ کی جانب بڑھنا ہے تو اسے سب سے پہلے اخلاق کے اعلیٰ معیار کی طرف آنا ہوگا۔

درس عرفان القرآن کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں منہاج القرآن لیہ اور ذیلی باڈیز کے تمام عہدیداران و کارکنان نے نہایت خلوص اور عمدگی سے کام کیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top