احمد پور سیال، ڈاکٹر زبیر اے خان کی معروف سیاسی شخصیات سے ملاقات

مورخہ 22 جولائی 2014ء بروز منگل کو پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر زبیر اے خان اور پاکستان عوامی تحریک ملتان ڈویژن کے کوآرڈینیٹر راؤ وقار احمد نے احمد پور سیال میں معروف سیاسی شخصیت ڈاکٹر لیاقت علی، محمد ظفر کشمیری اور انجمن طلبہ اسلام احمد پور سیال کے مرکزی عہدیداران مہر منیر مصطفائی، انور رندھاوا، چوہدری آصف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان عوامی تحریک احمد پور سیال کی مقامی تنظیم کے عہدیداران نے بھی شرکت کی، جبکہ اس موقع پر حاضرین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر زبیر اے خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا موجودہ سیاسی اور انتخابی نظام فرسودہ ہو چکا ہے، اور حکمرانوں نے اسے محض آمدنی اور کاروبار کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی سمیت عوام الناس کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی حکمرانوں کا ایجنڈا ہی نہیں اور نہ انہیں اس ایجنڈے سے کوئی سروکار ہے۔ حکمرانوں نے ملک میں خاندانی بادشاہت اور بیرون ممالک میں بزنس ایمپائرز قائم کر رکھی ہیں۔ لہٰذا معروضی حالات کا تقاضا ہے کہ عوام الناس کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے عملی اقدامات کی خاطر ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب پر لبیک کہتے ہوئے گھروں سے نکلیں۔

راؤ وقار احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، جس پر قابو پانے میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے کیونکہ نہ وہ اس جن پر قابو پانا چاہتی ہے اور نہ ہی قابو پانے کی صلاحیت اور استعداد رکھتی ہے۔ حکمرانو قومی خزانے سے لاکھوں روپے کے کتے اپنی رکھوالی کے لیئے خرید رہے ہیں جبکہ غریب کو روٹی کا لقمہ تو دور کی بات سکھ کا سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں آگے بڑھ کر اپنے حقوق ظالم حکمرانوں سے چھیننے ہونگے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو انقلاب کا نعرہ بلند کیا ہے وہ سراسر عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہے۔ لہٰذا ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے۔

ڈاکٹر لیاقت علی، محمد ظفر کشمیری، انجمن طلبہ اسلام احمد پور سیال کے مرکزی عہدیداران مہر منیر مصطفائی، انور رندھاوا اور چوہدری آصف نے پاکستان عوامی تحریک کے وفد کا خیر مقدم کیا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے آئینی اور جمہوری انقلاب کو غریب عوام کی خوشحالی کا ضامن قرار دیتے ہوئے بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں اور ان کی طرف سے دی جانے والی انقلاب کی کال پر عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ بھرپور شرکت کریں گے۔

تبصرہ

Top