ملتان: ڈاکٹر طاہرالقادری کے 66ویں یوم پیدائش پر تقریب

تحریک منہاج القرآن ملتان شاہ رکن عالم ٹاون کے زیراہتمام قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 66 ویں یوم پیدائش کی دعائیہ تقریب 19 فروری 2017ء کو منعقد ہوئی۔ قائد ڈے تقریب میں رائو محمد عار ف رضوی، مخدوم محمد حسن زواری، مخدوم غلام یٰسین زواری، مہر فدا حسین، حاجی ارشد چشتی، یونس جاوید انصاری، محمد ندیم قادری، ارشاد حسین سعیدی، غلام حسین انصاری اور ذوالفقار حامدی نے شرکت کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی جاویداختر انصاری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرا لقادری نے فروغ امن کے حوالے سے عالمی سطح پر جو کاوشیں کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، وہ حقیقت میں عالمی سفیر امن ہیں۔ پوری دنیا انکی دعوتی، تبلیغی، سیاسی، سماجی اور علمی خدمات کی معترف ہے۔ متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہشت گردی کے خلاف فتویٰ تاریخی حیثیت کا حامل ہے۔ جس سے استفادہ کرنا چاہیے۔

درگاہ حضرت منشی غلام حسن شہید کے سجادہ نشین مخدوم احسن زواری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو اللہ پاک نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جن سے پوری دنیا فیضیاب ہورہی ہے۔ مرکزی میلاد کمیٹی شاہ رکن عالم ٹائون کے صدر رکن الدین ندیم حامدی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اس دور میں اسلاف کا زندہ نمونہ ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی رہنما میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرا لقادری کی انقلابی جدوجہد سے قوم کا شعور بیدار ہوا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر پروفیسر جاوید اختر زواری نے کہا کہ ہماری جنگ اس باطل نظام کے خلاف ہے اور ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں اس نظام کو بدل کر رہیں گے۔

معروف سماجی شخصیت الحاج محمد علی انصاری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی پوری زندگی فروغِ عشق رسولصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے وقف کردی ہے، وہ پوری دنیا میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کو عام کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن شاہ رکن عالم ٹائون کے صدر حافظ عبدالرزاق انصاری اور ناظم سجاد نقشبندی انصاری نے اپنے خطابات میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستانی قوم کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔

تقریب کے آخر میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ استحکام پاکستان اور قیام امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top