ملتان: عوامی تحریک ملتان کا روہنگیا مسلمانوں کے لیے احتجاج

پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے زیراہتمام میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و بربریت اور قتل عام کے خلاف 8 ستمبر 2017ء کو ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ چوک نواں شہر پر کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت نگران صوبائی صدر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب یاسر ارشاد نے کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنما چوہدری فیاض احمد وڑائچ، ڈاکٹر زبیر اے خان اور راؤ محمد عار ف رضوی نے بھی مظاہرے میں خصوصی شرکت کی۔

پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے علاوہ پاکستان سنی تحریک، مرکزی جماعت اہل سنت، تحریک انصاف اور مرکزی میلاد کمیٹی شاہ رکن عالم کے قائدین نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی احتجاج میں شریک تھیں۔

پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے نگران صدر یاسر ارشاد نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت پر پوری امت مسلمہ کو تشویش ہے اور ہمارے دل دکھی ہیں۔ عالمی برادری مظلوم مسلمانوں کا قتل عام فوری بند کروائے۔

صوبائی رہنما چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ مسلم حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں اور متحد ہوکر اپنے مسلمان بھائیوں مدد کریں۔ ڈاکٹر زبیراے خان نے کہا کہ امت مسلمہ جسد واحد ہے اگر کسی ایک مسلمان کو بھی تکلیف پہنچتی ہے تو پوری امت اس کا درد محسوس کرتی ہے۔ پاکستان برما کے سفیر کو ملک بدر کرے اور فوری طور پر برما کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے۔

ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم پر فوری طور پر بنگلہ دیش کی سرحد پر واقع مہاجر کیمپوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کرکے انسانی خدمت کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

منہاج القرآن کے ضلعی امیر پروفیسر جاوید اختر زواری نے کہا کہ اقوام متحدہ برما کو عالمی دہشت گرد قرار دے کر برما میں امن افواج بھیجے جو برما میں امن وامان قائم کرے اور بے گھر ہونیوالے مظلوم مسلمانوں کو فوری طور پر انکے گھروں میں واپس لایا جائے۔ اس موقع پر زاہد بلال قریشی، مخدوم شہباز ہاشمی، احسان سعیدی، رفیق نورانی، شوکت ڈوگر، راؤمحمد جمیل، چوہدری محمداکرم گجر نمبردار، راؤ عظمت علی، راؤ آصف رزاقی، حاجی جمشید علی، سجاد نقشبندی، انجینئر جواد صادق، مہرفدا حسین، ہما اسماعیل، مدیحہ جاوید اور فوزیہ آصف بھی احتجاج میں موجود تھے۔

تبصرہ

Top