تحریک منہاج القرآن شاہکوٹ میں ضلعی ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن شاہکوٹ کے زیراہتمام "بیداری شعور" ضلعی ورکرز کنونشن کا انعقاد وارڈ نمبر 13 میلاد سٹریٹ میں کیا گیا جسکی صدارت تحصیل صدر محمد شفیق طاہر نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض تھے۔ کنونشن میں ضلع بھر کی تحصیلوں سے منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔

پروگرام کے آغاز  میں میزبان محمد شفیق طاہر نے استقبالیہ کلمات کہے اور تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نوجوان نسل میں بیداری شعور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ظلم و جبر اور استحصالی نظام میں پسی ہوئی انسانیت اس امر کی متقاضی ہے کہ مصطفوی انقلاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم پنجاب ملک حق نواز اعوان نے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دین اسلام لیکر اس دنیا میں تشریف لائے اور دین کے مکمل نفاذ کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام نے اسلام کی خاطر اپنی گردن کٹوا دی لیکن ظالمانہ نظام کے سامنے نہ جھکے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے موجودہ استحصالی اور ظالمانہ نظام کیخلاف عوام میں بیداری شعور پیدا کرنے کیلئے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ انتخابی نظام سے کبھی بھی باصلاحیت باکردار اور درد دل رکھنے والے نمائندے حکومت میں نہیں آ سکتے، کیونکہ اس نظام انتخابات کے ذریعے سرمایہ دار، جاگیر دار، وڈیرے اور لٹیرے جو کہ ایک ایک سیٹ جیتنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کرتے ہیں وہ پہلے اپنا پیٹ بھریں گے اور عوام کے ریلیف کیلئے کبھی سوچیں گے بھی نہیں اور اس طرح غریب مزید مہنگائی کی چکی میں پستا چلا جائے گا۔

کنونشن کے اختتام پر تحصیل ننکانہ صاحب کے صدر نے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

Top