دی ہیگ (ہالینڈ) میں منہاج یورپین کونسل کا سالانہ اجلاس

منہاج یورپین کونسل کی ایگزیکٹو باڈی کا سالانہ اجلاس مورخہ 21 جنوری 2012ء بروز ہفتہ کو ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چودھری اعجاز احمد وڑائچ نے کی۔ اجلاس میں ممبر ممالک اور یورپین کونسل کے شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں اور رواں سال کے لئے منصوبہ بندی کی گئی۔ اجلاس صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہا۔

اجلاس میں علامہ حسن میر قادری(امیر)، چودھری اعجاز احمد وڑائچ( صدر)، محمد بلا ل اپل(سیکرٹری جنرل)، شبیر احمد کھوکھر(نائب صدر)، سید جمیل شاہ(سیکرٹری جنرلMPIC)، خلیل احمد راؤ(صدرMCB)، نوید احمد اندلسی(سیکرٹری جنرلMCB)، سید مقصودشاہ(صدر دی ہیگ ہالینڈ)، سید محمود شاہ( صدر ڈنمارک)، مر زامحمد اکرم بیگ(صدر سپین)،فیض عالم(جنرل سیکرٹری ناروے)، الحاج محمد شفیق اعوان(جنرل سیکرٹری یونان)، حاجی ارشد جاوید(صدر اٹلی)، محمد شبیر(جنرل سیکرٹری اٹلی)، حاجی محمد یعقوب(قائمقام صدرفرانس)، حاجی محمد اسلم(جنرل سیکرٹری فرانس)، علامہ احمد رضا(امیر دی ہیگ ہالینڈ)، یاسر محمود اور محمد اصغر قادری نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ منہاج ٹی وی کے حوالہ سے بریفنگ دینے کے لئے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے ممبر حاجی گلرزار احمد کی قیادت میں ساجد فیاض اور اظہر صدیق نے بھی خصوصی شرکت کی۔

 

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت علامہ احمد رضا نے حاصل کی جبکہ آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت محمد اصغر قادری نے پیش کئے۔ صدر منہاج یورپین کونسل چودھری اعجاز وڑائچ اور امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری(منہاجین) نے تمام ممبران کو خوش آمدید کہا۔ سیکرٹری جنرل منہاج یورپین کونسل محمد بلال اپل نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔اجلاس کے شرکاء نے 2011ء میں منہاج یورپین کونسل کے تحت کوپن ہیگن، ڈنمارک(زون 1)، پیرس، فرانس(زون 2) اور کارپی اٹلی(زون3) کے اجلاس پر گفت وشنید کی اور مذکورہ اجلاسوں میں تحریکی عہدیداران کی طرف سے پیش کردہ تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی اوران پر فیصلہ جات کئے گئے۔ اجلاس میں موجود مختلف ممالک کے صدور وناظمین نے اپنے ممالک میں تحریک منہاج القرآن کے تحت سال 2011ء میں ہونے والی مذہبی، علمی، تدریسی، روحانی، سماجی، فلاحی اور بین المذہبی سرگرمیوں کی تحریری رپورٹس پیش کیں اور اپنے مسائل وضروریات سے کونسل کو آگاہ کیا۔

اجلاس کے آخری حصہ میں حاجی گلزار احمد، ساجد فیاض، اور اظہر صدیق نے منہاج ٹی وی کے حوالہ سے کئے گئے اب تک کے معاملات اور آئندہ منصوبہ جات کونسل کے سامنے پیش کئے۔ حاجی گلزار احمد نے بتایا کہ منہاج ٹی وی کو پاکستان بھر میں کیبل پر چلانے کے لئے مختلف شہروں میں کام جاری ہے اور آئندہ چند ماہ میں یہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔ ساجد فیاض(مینجنگ ڈائریکٹر منہاج ٹی وی) نے منہاج ٹی وی کے تکنیکی امور کی تفصیلات پروجیکٹر سکرین کے ذریعے پیش کیں۔

علامہ حسن میر قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈدی ہیگ کی طرف سے منہاج یورپین کونسل کے اجلاس کی میزبانی اور احسن انتظامات کرنے پر صدر سید مقصود شاہ اور ان کی پوری ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی۔ خصوصی دعا کے بعد رات 10 بجے اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس کے دوران نماز ظہر، عصر اور نماز مغرب کے علاوہ دن کے کھانے اور چائے کے وقفہ جات بھی ہوتے رہے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top