منہاج القرآن انٹرنیشنل (دی ہیگ) ہالینڈ کے زیراہتمام محفل گیارہویں شریف
منہاج القرآن انٹرنیشنل (دی ہیگ) ہالینڈ کے زیراہتمام مورخہ 09 مارچ 2012ء بڑی گیارہویں شریف کے عنوان سے محفل منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل سے خصوصی خطاب سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد نے کیا۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ذیشان علی نے کی۔ راحیل اشرف، صادق بٹ، مہید چودھری اور سکند ر خان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل کی نقابت کے فرائض امام وخطیب محمد اصغر قادری نے ادا کئے۔
گیارہویں شریف کی محفل کے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد نے شان اولیاء کو قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل انداز میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین سلامتی ہے اور اللہ کے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین اور اولیاء اللہ نے اس دین کو نہایت پیاراور محبت والے دین کے طور پر پیش کیا ہے اور معاشرے میں لوگوں کے حقوق اور باہمی احترام کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ المعروف غوث پاک کی تعلیمات کا تفصیل سے ذکر کیا اور معاشرے میں امن اور باہمی محبت کی تبلیغ پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ منہاج القرآن بھی اپنے اسلام کے بتائے ہوئے ان سنہری اصولوں کوسامنے رکھتے ہوئے معاشرے میں امن، محبت، بھائی چارہ اور اسلام کی سربلندی کے لئے کوشاں ہے۔ اس سلسلہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حالیہ دورہ انڈیا میں اس پیغام امن کو ملنے والی شاندار پذیرائی سب کے سامنے ہے۔
مقامی کمیونٹی کی بھر پور تعداد کے ساتھ علامہ احمد رضا نقشبندی اور پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مہمان مظہر اقبال قادری نے خصوصی شرکت کی۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور درود سلام کے نذرانوں کے ساتھ یہ روحانی اور وجدانی محفل اختتام پذیر ہوئی۔ علامہ مظہر اقبال نے امت مسلمہ، بالخصوص یورپ میں بسنے والے مسلمانوں، مقامی کمیونٹی، منہاج القرآن اورشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لئے خصوصی دعا کی۔
رپورٹ: امانت علی چوہان
تبصرہ