ہالینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بڑی گیارہویں شریف کا پروگرام

منہاج القرآن انٹرنیشنل (دی ہیگ) ہالینڈ کے زیر اہتمام مورخہ 23 فروری 2013ء کو تذکرۃ الاولیاء کے عنوان سے شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی دین اسلام میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بڑی گیارہویں شریف کا اہتمام کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پا ک سے ہوا جس کی سعادت سید مقصود شاہ نے حاصل کی، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چودھری سعید مہر اور چودھری مہید نذیر نے پیش کی اس کے بعد علامہ اصغر القادری ( امام وخطیب) نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کا حکم ہے کہ سچے لوگوں کا ساتھ دیا جائے، دوسرے مقام پر اللہ رب العزت فرماتے ہیں کہ اس سیدھے راستے پر چلنے کی دعا کی جائے جس سیدھے راستے پر اللہ کے انعام یافتہ بندے ہیں، لہذا آج ہمیں اپنی زندگی کا محاسبہ کرنا ہوگا اور تلاش کرنا ہوگا کہ کیا ہم اللہ کے نیک بندوں، انعام یافتہ بندوں کی زندگی کے طریقے پر اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں اور کیا ہم اللہ کے حکم کے مطابق سچے لوگوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اللہ کے انعام یافتہ بندوں میں آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اس کے علاوہ صحابہ کرام اور اولیاء کرام کی تعلیمات بھی ہمیں ایک درس دیتی ہے کہ ہمیں اپنے اخلاق کو بہتر کرنا ہوگا اس کے بغیر عبادات کو درجہ قبولیت نصیب ہونا محال ہے۔سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی کی زندگی بھی مسلمانوں کو اپنا کردار سنوارنے اور اخلاقیات کو بلند کرنے کے لئے بہترین مشعل راہ ہے آپ اللہ کے انعام یافتہ بندوں میں یقینا نمایاں مقام رکھتے ہیں اور امت مسلمہ کے لئے آئیڈیل ہیں۔ محفل کے اختتام پر ختم شریف پڑھا گیا اور حاضرین کی لنگر غوثیہ سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

Top