ہالینڈ: علم کی محفل میں بیٹھا کرو کیونکہ علم سے اللہ تعالیٰ دلوں کو بدل دیتا ہے۔ علامہ حافظ نذیر احمد القادری

منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر اہتمام 7 دسمبر 2013 کو ہفتہ وار مجلس علم و ذکر سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ نذیر احمد القادری نے کہا کہ جس طرح ایک ان پڑھ اور ایک علم والا برابر نہیں ہوسکتے اسی طرح ایک بینا اور نابینا بھی برابر نہیں ہوسکتے، یہ وہ اصول اور حقیقت ہے جو اللہ رب العزت نے اپنی عظیم کتاب قرآن حکیم میں واضح فرمائی ہے اور ان سے ہر مسلمان واقف بھی ہے۔ اسی طرح فرمان مصطفوی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہے کہ ایسی محفل میں شریک ہوا کریں جس میں علم سیکھایا جاتا ہو اور دوسرا علمی گفتگو والی محافل کا حصہ بنا کرو کیونکہ ایسی محافل میں بیٹھ کر علم سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور علم سیکھنے سے اللہ عزوجل دلوں کی دنیا بدل دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب انسان اللہ کے علم سے اپنے دل کی دنیا کو بدلنے کی کوشش کرتا ہے تو اس انسان کے دل میں انسانیت کی خدمت کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور وہ انسانوں کے دکھ درد کو بانٹنے کی کوشش میں لگ جاتا ہے، لیکن جو علم انسان کو اللہ کے دروازے تک نہ پہنچائے اسے سیکھ کر انسان ظالم بن جاتا ہے جیسے کہ لفظ وزیر کا لفظی مطلب بوجھ اٹھانے والا ہوتا ہے لیکن آج دنیا میں ایسے وزیروں کی کمی نہیں ہے جو اپنا بوجھ عوام پر لاد رہے ہیں جس کی وجہ سے دنیا میں بے شمار انسان آج غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اوردنیا کے بے شمار ملکوں میں کرپشن بھی عروج پر ہے کسی معاشرے کی یہ حالت اللہ عزوجل اور پیارے کریم آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہے۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

Top