ہالینڈ: ARY گروپ کے بانی چیئرمین حاجی عبدالرزاق یعقوب کے انتقال پر منہاج القرآن دی ہیگ کی طرف سے اظہار تعزیت

حاجی عبدالرزاق یعقوب کے انتقال کی خبر نے پاکستانی قوم کے علاوہ پوری دنیا میں بسنے والے اردو زبان کو سمجھنے والوں کو گہرے غم اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے کیونکہ مرحوم کی پاکستانی میڈیا میں ایسی شاندار خدمات ہیں جس کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ مرحوم حاجی عبدالرزاق یعقوب کی ناگہانی وفات پر اظہار تعزیت کرنے کے لئے منہاج القرآن انٹر نیشنل دی ہیگ ہالینڈ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں مرحوم حاجی صاحب کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش گیا۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن علامہ احمد رضا نقشبندی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ARY میڈیا گروپ نے دین اسلام کی اشاعت اور خدمت کرنے کے لئے Q.TV کے ذریعے لازوال تاریخ رقم کی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں اردو بولنے والے مسلمان مستفید ہو رہے ہیں اوراس چینل نے لوگوں کی زندگی میں اللہ اور اللہ کے پیارے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے لازوال چراغ روشن کر دیئے ہیں جبکہ نیوز چینل کے ذریعے ملک پاکستان کے عوام کے مسائل کو حقیقت پسندی سے پیش کرکے عوام کے پسندیدہ نیوز چینل کے طور پر عوام کے دلوں میں مضبوط جگہ بنا لی ہے ان عظیم خدمات کا سہرا حاجی عبدالرزاق یعقوب کی ذات پر سجا ہوا ہے۔

علامہ محمد زبیر القادری نے حاجی عبدالرزاق یعقوب کی وفات پر اظہارِافسوس کیا اور مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی میڈیا میں خدمات سب کے سامنے ہیں لیکن حاجی صاحب عام انسانوں پر ایک انتہائی شفقت کرنے والے انسان تھے جن کی زیر کفالت بے شمار خاندان آج حاجی صاحب کے لئے ایسے دعائیں کررہے جیسے کسی فیملی کا سربراہ اس دنیا سے چلا گیا ہو کیونکہ مرحوم دکھی انسانیت کے لئے بہت بڑا سہارا تھے۔اس کے علاوہ منہاج القرآن کے تمام رفقاء کی طرف سے صدر چوہدری خالد محمود نے مرحوم حاجی عبدالرزاق یعقوب کے انتقال پر دعائے مغفرت کرتے ہوئے خاندان کے تمام افراد کے ساتھ اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کی، اللہ تبارک تعالیٰ حاجی عبدالرزاق یعقوب کے درجات بلند فرمائے اورجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے روزِ محشر پیارے کریم مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت نصیب فرمائے۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

Top