منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن ناروے کے زیر اہتمام مسجد تعمیر کی افتتاحی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن ناروے کو اپریل 2010ء میں عرصہ 22 سال کے بعد مسجد تعمیر کرنےکی اجازت ملنے پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ناروے کےاعلی حکام اور مسلم ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

نارویجن پارلیمنٹ کی ممبر Lise Christoffersen، درامن سٹی کےنائب میئر Freddy Hoffman، درامن سے SV پارٹی کےسربراہ Rune Kjeldsen، درامن چرچ کے پادری Ivar Flaten، درامن چرچ کے چیرمین Øystein Mageldsen درامن مذہبی پارٹی کے رہنما Arne Kittang، سفیر پاکستان رب نواز خان، ایرانی ایمبیسی کے قونصلیٹ مسٹر ابراہیم اور انڈونیشن ایمبیسی کی قونصلیٹ اور ان کے وفد کے اراکین بھی تقریب کے معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

درامن میں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کےامیر تحریک علامہ حافظ صداقت علی اور یوتھ لیگ کے کارکن کامران نے نعت مبارکہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔

تقریب سے معزز مہمانوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور درامن کےعلاقہ میں مسجد تعمیر کرنے کی اجازت ملنے پر منہاج القرآن کی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ درامن سٹی کے نائب مئیر Freddy Hoffman نے بھی مسجد کی تعمیر پر خوشی اور اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نےمقامی حکومت کی طرف سے تحریری اجازت نامہ منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن کےامیر تحریک علامہ نور احمد نور کو پیش کیا۔

نارویجن پارلیمنٹ کی رکن Lise Christoffersen نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ درامن میں مسجد تعمیر کرنےسے ملٹی کلچر سوسائٹی میں ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایک دوسرے کےمزید قریب آنے میں آسانی پیدا ہو گی۔ ناروے میں پاکستانی سفیر رب نواز خان نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے اور اس کا انتہا پسندی اور دہشت گردی سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہیں۔ انہوں نےکہا کہ جب ہم مسلمان ایک دوسرے سے ملتے ہیں تو ایک دوسرے پر سلامتی بھیجتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ جب ہم ملتے وقت ایک دوسرے پر سلامتی بھیجتے ہیں تو یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی مسلمان ایک دوسرے کا گلا کاٹے یا دہشت گردی پھیلائے۔

ایرانی ایمبیسی کے قونصلیٹ مسٹر ابراہیم نے بھی کہا کہ مساجد میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جاتی ہے اور اس میں ایک دوسرے سے کیسے پیش آنا ہے سکھایا جاتا ہے۔ درامن چرچ کے پادری Ivar Flaten اور Øystein Mageldsen نے بھی مسجد کی تعمیر پر مسرت کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروےکےصدر حاجی نثار پرویز نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور مسجد کی تعمیر کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر علامہ نور احمد نور نے مسجد کی تعمیر کے حوالے سے اپنی لکھی ہوئی خصوصی نظم بھی حاضرین کے سامنے پیش کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض تعمیری کمیٹی کےسربراہ ساجد مختار اور محمد یونس نے ادا کیے۔ آخر میں انتظامیہ کی جناب سے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ : عقیل قادر

تبصرہ

Top