منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو میں ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) کا انعقاد

مورخہ: 04 جون 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو (ناروے) کے زیراہتمام مورخہ 04 جون 2011ء بروز ہفتہ کو ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محفل کا انعقاد ہوا۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا جس کی سعادت علامہ قاری اسرار احمد منہاجین (خطیب مسلم سنٹر فیورست اوسلو) نے حاصل کی۔ شرکاء محفل نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں انفرادی اور اجتماعی صورت میں درود و سلام پڑھا۔ ماہانہ محفل میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ویڈیو خطاب پروجیکٹر کے ذریعے دکھایا گیا جس میں انہوں نے درود و سلام کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی۔ آپ نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کثرت سے درود و سلام پڑھنا روز قیامت قرب مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سبب اور ذریعہ ہے۔ جو شخص جتنا زیادہ درود پڑھے گا اللہ کی رحمت، کرم اور فضل کا مستحق ہو گا۔ شیخ الاسلام نے حدیث پاک کے ذریعے وضاحت فرمائی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے نامہ اعمال میں دس نیکیاں لکھتا ہے، اس کے دس گناہ مٹاتا ہے اور اس کے دس درجات بلند کرتا ہے۔

محفل کی نقابت کے فرائض علامہ حافظ صداقت علی قادی (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو) نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے اختتام پر ذکر الٰہی سے دلوں کو منور کیا گیا۔ علامہ حافظ صداقت علی قادری کی اختتامی دعا کے بعد حاضرین کو لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

Top