اسلامک کونسل ناروے کے زیر اہتمام ناروے میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف امن ریلی

اسلامک کونسل ناروے مسلمان تنظیموں کی نمائندہ تنظیم ہے جو ہر سطح پر مسلم تنظیموں کی بہتری کے لئے کوشاں رہتی ہے۔ گذشتہ ہفتے کو ناروے میں ہونے والی دہشت گردی کی وجہ سے ناروے جیسے پر امن ملک میں ایک جذباتی ماحول پیدا کر دیا جس پر ہر شعبے اور طبقے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس کی بھر پور مذمت کی۔ اسی سلسلہ میں اسلامک کونسل آف ناروے نے اپنی دینی و ملی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاں بحق ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 29 جولائی2011ء کو ایک پر امن ریلی کا انعقاد کیا جس میں بہت بڑی تعداد میں خواتین وحضرات کے علاوہ نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔

ریلی کے موقع پر ناروے کے تین وزراء کے علاوہ اوسلو کے میئر نے بھی شرکت کی اور ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اسلامک کونسل کے جنرل سیکرٹری مہتاب افسر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی چاہے کسی بھی شکل میں ہو ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی خاص طبقے اور گروپ کے ساتھ نتھی کرنا شعور کی کمی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریلی میں شرکت کر کے اپنا دینی وملی فریضہ سرانجام دیا ہے۔ یاد رہے کہ مہتاب افسر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے نائب صدر رہ چکے ہیں اور وہ آج بھی منہاج القرآن کے فعال کارکنان میں شامل ہوتے ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف نکالی گئی ریلی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے کارکنان نے بھی بھر پور حصہ لیا اور دہشت گردی کی مذمت کی۔ منہاج القرآن کے جن کارکنان نے ریلی میں شرکت کی ان میں حافظ صداقت علی، عقیل قادر، چودھری مشتاق، ارشد وڑائچ، امورخارجہ کے سابق ڈائریکٹر نجم الثاقب، حاجی منظورحسین، حاجی ریاض، عاصم قادری،شیخ افتخار اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

Top