ناروے : شہادت امام حسین (رض) کانفرنس

ناروے کی پہلی مرکزی جامع مسجد ورلڈ اسلامک مشن میں مورخہ 17 نومبر 2012ء کو سالانہ شہادت امام حسین کانفرنس منعقد کی گئی جس میں کثیر تعداد میں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز ورلڈ اسلامک مشن میں زیر تعلیم طلباء نے گروپ کی صورت میں تلاوت کلام پاک سے کیا۔ محمد فاروق نے شہدائے کربلا کے حضور منقبت پیش کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن علماء کونسل کے جنرل سیکرٹری علامہ سید فرحت حسین شاہ (پاکستان) تھے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کاعملی ثبوت دینے کے لئے یزیدی قوتوں سے ٹکرانے کا عزم کرنا ہوگااور اس پر عمل بھی کرنا ہوگا۔ہر ایک فرد کو معاشرے کی اصلاح کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگااور اہل تقویٰ کو اپنی قیادت اور سیادت سونپنا ہوگی۔ روز اول سے ہی رحمانی اور شیطانی قوتیں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں اور تا قیامت رہیں گی۔ ہر دور میں فرعونیت سے موسویت، بو لہبیت سے محمدیت اور یزیدیت سے حسینیت ٹکراتی رہی ہے۔شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے یو ں تو کئی پہلو ہیں جن میں سے ایک سیاسی اور معاشرتی پہلو بھی ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے یزید کی بیعت نہ کر کے قیامت تک کے لئے اہل ایمان کے لئے ایک اصول وضع کر دیا کہ اہل حق کبھی بھی اہل باطل سے سمجھوتہ نہیں کرتے بلکہ ان ذمہ داری ہے کہ وہ باطل قوتوں کے مقابلے میں میدان میں آجائیں اور اپنا فرض ادا کریں۔

کانفرنس میں اوسلو کی تمام بڑی مساجد کے علماء نے شرکت کی جن میں جماعت اہلسنت ناروے کے امام وخطیب پیر سید نعمت علی شاہ بخاری، پروفیسر عطا ء المصطفیٰ، غوثیہ مسلم سوسائٹی کے امام وخطیب مفتی محمد زبیر تبسم، مسلم سنٹر فیورسٹ کے امام وخطیب علامہ قاری اسرار احمد، علامہ نور علی سیالوی، قاری خالد محمود، حافظ شیراز مدنی، مسلم سنٹر لورن سکوج کے امام وخطیب علامہ بلال شاہ اور دیگر مہمان شامل تھے۔ نقابت کے فرائض ورلڈ اسلامک مشن کے امام وخطیب اور نوجوان مذہبی سکالر علامہ نجیب ناز نے احسن انداز میں ادا کئے اور پروگرام کا اختتام درود وسلام سے کیا۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ

Top