ناروے: منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام سہ روزہ اعتکاف

منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج سسٹرز اوسلو، ناروے کے زیراہتمام رمضان المبارک کے آخری عشرے میں تین روزہ نفلی اعتکاف کا انعقاد کیاگیا۔ یہ ادارہ منہاج القرآن میں ناروے کی تاریخ کا سب سے بڑا خواتین کا اعتکاف تھا جس میں پہلی مرتبہ خواتین اور بچیوں نے اتنی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج سسٹرز نے تین دن کے اعتکاف کا شیڈول مرتب کیا اوراس کے مطابق احسن انداز میں خدمات سرانجام دیں۔ جمعۃالمبارک بعداز نماز عصر اعتکاف کی رجسٹریشن اور معتکفات کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ محترمہ عائشہ اقبال صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ محترمہ طاہرہ فردوس سیکرٹری دعوت و تربیت نے اعتکاف کی نیت اور اغراض و مقاصد کے متعلق خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے اعتکاف کا آغاز کروایا۔

شیڈول کے مطابق پہلے دن نمازعشاء و نماز تراویح کے بعد محفل ذکر ونعت کا اہتمام تھا جس میں منہاج سسٹرز کی شیما نعت کونسل نے دف اور ذکر کے ساتھ نعت کے ذریعے خواتین اور بچیوں کے دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دیپ روشن کئے۔ محترمہ اقراء مشتاق، حرا خان اور درامن سے آئی ہوئی نعت خواں بہنوں نے بھی نہایت خوبصورت آواز میں نعت خوانی کی۔

اعتکاف کے دوسرے دن نماز فجر اور محفل ذکرونعت کے بعد محترمہ تسمیعہ شفیع سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن ویمن لیگ نے صبر کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں نہایت مدلل گفتگو کی۔ محترمہ طاہرہ فردوس نے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ایمان کی بنیاد ہے، پر خصوصی لیکچر دیا۔ منہاج سسٹرز نے نماز عشاء کے بعد خواتین اور بچیوں کے ساتھ المنہاج السوی سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزات اور اسلام میں خواتین اور بچیوں کے حقوق کے موضوعات پر گروپ ڈسکشن کی جسے بہت پسند کیاگیا۔ اس کے بعد محترمہ اقراء اعجاز نائب صدر منہاج سسٹرز نے ذکر اور Mediation کی خصوصی محفل کا اِنعقاد کیا اور آخر میں رقت آمیز دُعا کروائی۔

اعتکاف کے آخری دن MKR سے محترمہ عروبہ احمد نے نارویجن میں علم کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ محترمہ طاہرہ فردوس نے مذاہب اربعہ Four Schools Of Thought کی اہمیت پر خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کوئی نیا مسلک نہیں ہے بلکہ یہ مسلک امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کا محافظ ہے۔ بعد میں سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں خواتین کے سوالات کے تسلی بخش جواب دیئے گئے۔

اس سہ روزہ نفلی اعتکاف میں خواتین کے لیےانفرادی و اجتماعی عبادات، حلقاتِ درود، نفلی نمازوں نمازِ اشراق، نمازِ چاشت، نماز اوابین اور نماز تسبیح کے ساتھ ساتھ اُنکی تعلیم و تربیت کیلئے مختلف اوقات میں شیخ الاسلام کے مختلف موضوعات پر ویڈیو خطابات دکھائے گئے اور دیگر خصوصی فقہی، تعلیمی اور روحانی نشستوں کا اہتمام کیا گیا اور نماز کا طریقہ اور ترجمہ بھی سکھایا گیا۔ معتکفات کے لئے بہترین رہائش اور سحری و افطاری کا اِنتظام تھا۔ آخر میں تمام خواتین کو شیخ الاسلام کی بکس، سی ڈیز اور پھولوں کے گفٹ اور ڈپلومے دیئے گئے۔

محترمہ چاند بی بی صائمہ نے اختتامی دعا کرائی اور اسطرح آنسو، خوشی اور دُعاوں کے ساتھ اعتکاف کا اختتام اتوار کی شام کو کیا گیا۔ اعتکاف کے بہترین نظم و نسق کے لیے محترمہ عائشہ اقبال صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے خصوصی کاوشیں کیں اور اُن کے ساتھ محترمہ فاریہ اصغر، محترمہ تسمیعہ شفیع، محترمہ رافعہ روف، محترمہ نائلہ اصغر، محترمہ شفقت پروین، محترمہ عائشہ نثار، محترمہ طاہرہ فردوس، محترمہ امبر خان اور محترمہ چاند بی بی نے خصوصی تعاون کیا۔ منہاج سسٹرز سے محترمہ اقراء اعجاز نائب صدر منہاج سسٹرز، عاصمہ شوکت، ثناء یعقوب، نینا انصاری، مہک بٹ، خدیجہ سعید، ثمن بٹ، ربیعہ ملک اور اقراء مشتاق نے خدمات سرانجام دیں۔ محترم اعجاز احمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے، محترم محمد اصغر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے، محترم علامہ محمد اقبال فانی، ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے نے انتظامی معاملات میں خصوصی تعاون کیا۔

رپورٹ: قیصر محمود

تبصرہ

Top