اوسلو، ناروے: شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

مورخہ 16 نومبر 2013 بروز ہفتہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیر اہتمام ادارہ منہاج القرآن اوسلو میں عظیم الشان شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعدادنے کانفرنس میں شرکت کر کے محبت اہل بیت کا ثبوت دیا۔ اوسلو کے علاوہ ناروے کے دوسرے شہروں Moss Skessmo اور Dramme سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز اویس الرحمان ثاقب کی دل سوز آوازمیں تلاوت قرآن پا ک سے کیا گیا۔ اس کے بعدآقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مختلف نعت خواں حضرات نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ خصوصی طور پر فرانس کے مشہورومعروف نعت خواں جناب زاہد محمود چشتی نے نہایت ہی پرسوز آواز میں نعت خوانی کی۔ علامہ نور احمد نور ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن درامن ناروے نے نہایت ہی پرسوز آواز میں سید الشہداء امام حسین علیہ اسلام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔

علامہ اقبال احمد فانی ڈائریکٹرادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام عالی مقام علیہ السلام کی جنگ اقتدار کے حصول کے لیے نہ تھی بلکہ دین کی اقدار کو بلند کرنا تھا اورآپ علیہ ا لسلام نے ہرآزمائش سے گزرتے ہوئے دین مصطفوی کی سربلندی کےلیے ہر طرح کی قربانی دے دی۔

مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واقعہ کربلا بیان کیا اور کہا کہ حسینیت ایک فکر اور ایک نظام کا نام ہے اور یزیدیت بھی ایک فکر اور نظام کا نام ہے۔ آج ہمیں دوبارہ حسینی کردار کو زندہ کرنا ہے اور ہم حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے پورے خانوادے کو اس صورت میں خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں کہ پیغام حسین علیہ السلام ہمارے سینوں میں رچ بس جائے اور ہماری زندگیوں میں اس کا مظاہرہ عملی طور پرنطرآے۔ آپ نے شرکاء کانفرنس کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں تحریک منہاج القرآن حقیقی طور پر فلسفہ و فکر امام حسین علیہ السلام کو اجاگر کر رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔ نقابت کے فرائض جناب علامہ صداقت علی پرنسپل منہاج سکول اوسلو نے سرانجام دیئے۔

کانفرنس میں دیگر مہمانان گرامی قدر میں جناب علامہ نور احمد نور ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن درمن ناروے، جناب علامہ مفتی محمدزبیر تبسم امام و خطیب غوثیہ مسجد اوسلو، جناب علامہ اسرار احمد امام و خطیب مسلم سینٹر فیورسٹ نے شرکت کی۔ کانفرنس کے انتظام و انصرام میں جناب ا عجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے، جناب محمد اصغر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور دیگر جملہ فورمز جن میں منہاج ویمن لیگ اوسلو، منہاج یوتھ لیگ، منہاج سسٹرز، منہاج ویلفئیر اور منہاج مصالحتی کونسل نے اہم کردار ادا کیا۔ اختتام پر دعا کے بعد شرکاء کانفرنس کے لیے لنگر حسینی بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ:قیصر محمود

تبصرہ

Top