ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا تین روزہ دورہ ناروے

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تین روزہ دعوتی وتربیتی دورہ کے لیے 14 دسمبر 2013 کو ناروے پہنچے۔ گارڈمون انٹرنیشنل ایئرپورٹ اوسلو پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے اصغر، ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے علامہ محمد اقبال فانی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے دیگر فورمز کے عہدیداران نے آپ کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش گئے۔ اس دورہ پر آپ کے ہمراہ مینیجنگ ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سٹی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور منہاج یورپین کونسل کے عہدیداران تھے۔

ورکرز کنونشن

مورخہ 15 دسمبر 2013 بروز اتوار دن بارہ بجے منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جس کی سعادت اویس الرحمان ثاقب نے حاصل کی۔ اس کے بعد علامہ نور احمد نور ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن ناروے نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کی۔ نقابت کے فرائض علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور حافظ محمد اقبال اعظم ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ورکرز کنونشن کے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔ جس میں آپ نےمنہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کی بلڈنگ کی تعمیرنو، 23 دسمبر اور لانگ مارچ اور منہاج ایجوکیشن سٹی منصوبہ میں بھرپور تعاون پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے محبت و مودت کے موضوع پر خطاب کیا، آپ نے قرآن وسنت کی روشنی میں محبت کی اقسام اور شرائط بتاتے ہوئے کہا کہ محبت تقاضا کرتی ہے کبھی بھی محبوب کا در نہ چھوڑا جائے اور جو محبوب کہے اس کو مان لیا جائے۔ آپ نےمزید کہا کہ منہاج القرآن اس دور میں اللہ کی عظیم نعمت ہے جو لوگوں کے دلوں کو دوبارہ محبت و الفت کی طرف لا رہی ہے اور اللہ تعالی نے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کو اس مشن کے لئے خصوصی طور پر چنا ہے جو اللہ اور آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کو دوبارہ زندہ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن قادری نے شرکاء کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دست و بازو بن کر مصطفوی مشن کی ترویج و اشاعت کےلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج ایجوکیشن سٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ امت مسلمہ میں صدی کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا جس میں برصغیر کی سب سے بڑی مسجد تعمیر کی جائے گی اور ایک عظیم یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس میں بیک وقت 25000 طلباء تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جیسے ماضی میں تحریک منہاج القرآن نےاپنے تمام منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اسی طرح یہ منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ اس دوران تمام حاضرین کو منہاج ایجوکیشن سٹی کے حوالے سے شیخ الاسلام کا خصوصی پیغام سنایا گیا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تمام حاضرین کو اس منصوبہ کی کامیابی کے لئے مالی اعانت کا کہا جس پر شرکاء نے بھرپور تعاون کیا۔

پروگرام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کی تنظیم کے عہدیداران، منہاج ویلفئیر، منہاج مصالحتی کونسل، منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج سسٹرز اور کارکنان کے علاوہ دیگر کثیر افراد نے شرکت کی۔ کنونشن کے بہترین نظم ونسق اور اسے کامیاب بنانے کے لیے محمد اصغر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے، علامہ محمد اِقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے، عائشہ اقبال صدر منہاج القرآن ویمن لیگ اور ان کے ساتھ منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کی تنظیم، منہاج ویلفیئر فاونڈیشن، منہاج مصالحتی کونسل، منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج سسٹرز کے عہدیداران نے خصوصی کردار ادا کیا۔

محفل سماع اور شادی میں شرکت

مورخہ 15 دسمبر 2013 بروز اتوارشام 6 بجے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج یورپین کونسل اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروےکے صدر اعجاز احمد وڑائچ کے فرزند اویس اعجاز صدر منہاج یوتھ لیگ کی شادی میں خصوصی طور پر شرکت کی جہاں عظیم الشان محفل سماع کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے محترم اعجاز احمد وڑائچ اور اویس اعجاز کو خصوصی مبارک باد اور دعا دی۔ اس دوران ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شادی میں شریک مختلف افراد سے ملاقات کی اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں سے خصوصی نشست فرمائی اور نوجوانوں کو اپنی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کو کہا۔

رپورٹ۔ قیصر محمود

تبصرہ

Top