ناروے: پرنس دال اوسلو کے مقام پر عظیم الشان محفل میلاد پروگرام کا انعقاد

ربیع الاول کے سلسلہ میں جہاں دیگر بہت سی محافل کا انعقاد ہوا وہاں پرنس دال اوسلو ناروے کے مقام پر ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے ایک عظیم الشان محفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری حافظ عمران علی کی دلسوز آوازمیں تلاوت قرآن پا ک سے کیا گیا۔ اس کے بعد آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مختلف نعت خواں حضرات جن میں حافظ عمران علی، ثوبان مجتبی اور ثاقب علی نے ہدیہ عقیدت پیش کیا اورخصوصی طور پر پاکستان کے مشہور ومعروف نعت خواں عابد معصومی نے نہایت ہی پرسوز آواز میں نعت خوانی کی۔ نقابت کے فرائض محترم نوازش نوید صفدر نےسر انجام دیئے۔ اویس اعجاز صدرمنہاج یوتھ لیگ ناروے نے درود شریف پڑھنے کی برکات کے حوالے سے نارویحن میں گفتگو کی۔

علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے گفتگو کرتے ہوئے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی پر حیثیت پر قرآن و احادیث کی روشنی میں سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت مبارکہ قل بفضل اﷲ وبرحمتہ فبذٰلک فلیفرحوا کو مختلف معانی کے ساتھ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی اللہ تعالی کا سب سے بڑا فضل اور رحمت ہیں اس ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر خوشیاں منانی چاہئے۔اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے شرکاء سےگفتگو کرتے ہوئے منتظمین کو پروگرام کی کامیابی کی مبارک باد دی اور منہاج القرآن کا پیغام دیتے ہوئے باقاعدہ درس قرآن کا آغاز کرنے کی دعوت دی۔ پروگرام کا اختتام سلام و دعا پر ہوا۔ شرکاء کےلئے بہترین ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا۔پروگرام کے دیگر مہمانان گرامی قدر میں واصف مجید جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے، طاہر خانزادہ، حاجی ریاض احمداور جناب ساجد محمود صدر منہاج ویلفیر ناروے نے شرکت کی۔ پروگرام کے انتظام و انصرام میں ثاقب نوید، صفدر ثوبان، مجتبی اورنوازش نوید صفدر نےاہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ۔ قیصر محمود

تبصرہ

Top