اوسلو: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی گیارہویں شریف کی سالانہ محفل

 منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیرِاہتمام 23 جنوری 2016ء گیارہ ربیع الثانی کو غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ سے اظہارِ محبت و عقیدت کے لیے منہاج اسلامک سنٹر اوسلو میں گیارہویں شریف کی عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت منہاج القرآن سکول اوسلو کے پرنسپل علامہ صداقت علی قادری نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل ناروے کے صدر ہارون قیوم اور قاری انصر علی قادری نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور غوث اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی بارگاہ میں منقبت کا ہدیہ پیش کیا۔ قیصر محمود قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی سیرت و کردار اور آپ کے مناقب پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ محبوب سبحانی سیدنا عبدالقادر جیلانی کی ذات اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی سیرت و کردار، شخصیت، علم و عرفان، فیوض و برکات، مراتب و درجات، عبادت و ریاضت روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کی حیات طیبہ کا ہر ورق ہدایت کا روشن باب ہے اور اس کا ہر لفظ معرفت و ایقان کا سرچشمہ ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کے مواعظ حسنہ سننے کیلئے بیک وقت ستر ستر ہزار کی تعداد میں سامعین موجود ہوتے اور کئی ہزار صرف علماء ہوتے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی یہ بھی ایک زندہ و جاوید کرامت تھی کہ آپ کی مجلس میں دور و نزدیک بیٹھنے والا آپ رضی اللہ عنہ کے کلام کو سن سکتا تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ کی جاری کردہ تحریک احیائے دین کی تحریک تھی جس کے ذریعہ آپ کا مقصد امت مسلمہ کی ہدایت و رہنمائی اور معاشرتی برائیوں کی اصلاح اور نبی رحمت صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لائے ہوئے نظامِ رحمت اور قرآن مقدس کی تعلیم کو عام کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پر حضرت غوث الاعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی خصوصی نظر کرم ہے اور آپ رضی اللہ عنہ کے فیوض و برکات سے منہاج القران انٹرنیشنل اپنا سفر تیزی سے طے کر رہی ہے۔

محفل کے اختتام پر شرکاء نے ختم غوثیہ پڑھا اور ذکر کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی طرف سے شرکاء کو لنگرِ غوثیہ پیش کیا گیا۔

رپورٹ: قیصر محمود (سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے)

تبصرہ

Top