منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو میں ہر سال کی طرح امسال بھی 3 جنوری کو امام حسین علیہ السلام کی عظیم شہادت کی یاد میں ایک شاندار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس میں شرکت کیلئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک سے علامہ ظہیر احمد قادری مہمانِ خصوصی کے طور پر تشریف لائے تھے۔ دیگر مہمانوں اور مقررین میں امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ علامہ حسن میر قادری، ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے علامہ نور احمد نور، امام مرکزی جماعت اہلِ سنت ناروے، امام غوثیہ مسجد اوسلو، امام بزمِ نقشبنداں اوسلو، امام مسلم سنٹر موس، اور ہمیشہ کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کی ایمبیسی سے خصوصی Delegation نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور اسکے بعد MEC کے طالب علم محمد قاسم نے نعت شریف پڑھی۔ اسکے بعد صدر منہاج نعت کونسل عبدالمنان نے اپنی خوبصورت آواز میں درور و سلام اور نعت پیش کی جس پر حاضرین محفل نعرے لگا کر آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے رہے۔ منہاج القرآن سسٹرز لیگ کی بہنوں اقراء، زنیرہ اور عائشہ نور نے اپنے خصوصی انداز میں دف پر مرثیہ پڑھ کر حاضرین کو شہادتِ امام حسین علیہ السلام کی عظمت اور دین اسلام کیلئے انُکی بے مثال قربانی کا ایسا نقشہ پیش کیا کہ غمِ حسین علیہ السلام میں آہوں اور سسکیوں سے کربلا کی یاد تازہ ہو گئی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ناظم نشرواشاعت محمد یاسین نے بخوبی انجام دیے۔

اسکے بعد خصوصی خطاب کیلئے علامہ ظہیر احمد تشریف لائے اور انہوں نے منقبت پڑھ کر آلِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی عقیدت کے ساتھ خطاب کا آغاز کیا۔ انہوں نے قرآن، احادیث اور تاریخ اسلام سے حوالے دے کر شہادت امام حسین علیہ السلام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پیغامِ کربلا کو بڑے واضح انداز میں بیان کیا۔

انہوں نے فرمایا کہ شہادتِ امام حسین علیہ السلام محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہیں۔ شہادتِ حسین علیہ السلام آج ہمیں پیغام دے رہی ہے کہ سارے مسلمان اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دین اسلام کے وسیع تر مفاد میں باہم یکجا اور اکٹھے ہو جائیں کہ وقت کا یزید اور طاغوتی طاقتیں آج اسلام کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم وجبر پر مبنی نظام اور یزیدیت کا تختہ اُلٹنے کا وقت آ گیا ہے اور ہمیں چاہئے کہ ہم سب مل کراپنے اندر حسینی کردار پیدا کریں اور اُس عظیم مصطفوی انقلاب کی راہ ہموار کریں جس کی بنیاد شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری نے رکھی ہے۔

علامہ حسن میر قادری نے پروگرام میں شرکت کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں تشریف لائے اور آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ علامہ نور احمد نور نے پروگرام کے آخر میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے اسرائیلی مظالم کی پر زور مذمت کی اور فلسطینی بھائیوں کے حق میں ایک قرارداد پیش کی جس کو پورے مجمع نے متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیلی انخلاء کا مطالبہ کیا۔

علامہ نور احمد نور نے اپنی خوبصورت آواز میں آقائے نامدار، تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور درود و سلام پیش کیا اور انتہائی درد بھری آواز میں دعا کروائی جس پر حاضرین اللہ کے حضور پھوٹ پھوٹ کر روتے رہے۔

پروگرام کو کامیاب بنانے میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو حاجی نثار پرویز، نائب صدر افتخارمحمود، ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے فیض عالم، فنانس سیکریٹری محمد جمیل، کامران بھٹی، عاطف رؤوف، منہاج سسٹرز، برادرز، ویمن لیگ، منہاج ایجوکیشن سنٹر اور دیگر احباب نے بہت دلجمعی سے محنت کی۔ جن کی کاوشوں سے ادارہ ناروے کے دینی اور تعلیمی حلقوں میں انتہائی اہم مقام رکھتا ہے۔

رپورٹ : عقیل قادر، محمد یاسین (ناروے)
مرتب : میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

Top