منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ (ص)
منہاج القرآن انٹرنیشنل ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد عیسوی سن پیدایش کی مناسبت سے مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل میں انتہائی عقیدت اور محبت سے منایا گیا۔ یہ محفل مورخہ 22 اپریل 2009ء کو ناروے میں منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت سسٹر آمنہ ظفر نے حاصل کی۔ بعد از تلاوت کلام مجید آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے، جن خوش نصیبوں نے ہدیہ نعت پیش کیا ان میں محترمہ سلمیٰ ظفر سرپرست منہاج ویمن لیگ، محترمہ رضیہ میر صاحبہ نائب صدر ویمن لیگ، سسٹرز سے فاطمہ ظفر، آمنہ ظفر، فاطمہ جمیل، میمونہ افتخار، منہاج ایجوکیشن سے ارحم اور حاضرین مجلس سے محترمہ ممتاز شامل ہیں۔ اس کے بعد صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے محترمہ رافعہ رؤف نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
ناظمہ نظامت دعوت نوشازہ حسین قادری نے حاضرین مجلس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج امت کو درپیش انفرادی اور اجتماعی مسائل کا حل سوائے اس کے اور کوئی نہیں کہ ہم اپنے ٹوٹے ہوئے اور کمزور پڑے ہوئے رشتے کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ کے ساتھ پھر سے جوڑ لیں۔ اور اپنے اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے ایمان کو بچا لیں۔ حلقہ درود کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے اور یہ پیغام ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق اور محبت کا پیغام حلقہ درود کے ذریعے گھر گھر پہنچا دیا جائے اور درود کی برکت سے امت کے ٹوٹے ہوے رشتے کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے پھر سے جوڑ دیا جائے۔ لہذٰا کوئی گھر، کوئی فرد درود پاک سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ آج اگر کوئی جماعت/ تنظیم ہمارے بچوں اور آئندہ آنے والی نسلوں کے ایمان کی فکر کر رہی ہے اور عملی طور پر اس کے لیے کوشاں نظر آتی ہے تو وہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہے۔ محفل کا اختتام درود و سلام و دعائے خیر سے ہوا۔
رپورٹ : نوشازہ حسین قادری (ناروے)
مرتب : میاں اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)
تبصرہ