منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کے زیر اہتمام سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد

منہاج القران ویمن لیگ ناروے کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان سیرت کانفرنس حضرت سیدہ کائنات فاطمۃ الزھراء کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے اوسلو اور گرد و نواح سے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت فاطمہ ظفر کے حصہ میں آئی، انہوں نے اپنی پُرسوز آواز میں سورہ رحمن کی تلاوت کی اور حاضرین محفل کو کلام الہی سے سرُور بخشا۔ تلاوت الہٰی کے بعد شیماء نعت کونسل کی منہاج سسٹرز نے اپنی خوبصورت آواز میں حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی۔ شیماء نعت کونسل کی نعت کو اتنا پسند کیا گیا کہ خواتین بار بار نعرہ تکبیر و رسالت بلند کرتی رہی اور ان سے مزید نعتوں کی فرمائش کرتی رہی۔

خطاب کے لیے روبینہ طارق کو سٹیج پر دعوت دی گئی تو انہوں نے سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزھراء کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت آج کی مسلمان خواتین کے لیے مشعل راہ ہے، انہوں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے سیرت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا ماں کے روپ میں، بیوی کے روپ میں اور باپ کی لاڈلی بیٹی کے روپ میں کیسی تھیں، انکی زندگی اور انکی سیرت سے ہم کیا سبق حاصل کر سکتے ہیں، خطاب کے دوران روبینہ طارق پر بھی رقت طاری ہو گی اور خواتین بھی اپنے آنسوؤں پر قابو نہ پا سکیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انکی تعلیمات اور انکی سیرت سے استفادہ حاصل کریں۔ جن کی تعریف اللہ پاک نے بے شمار مقامات پر قرآن پاک میں کی ہے، جن کا کردار، انکی شرم و حیاء کا معیار، انکا صبر اور دین اسلام کی خاطر انکی قربانیاں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاں عقیدت کے پھول نچاور کرنے کے لیے سعدیہ شوکت تشریف لائی اور انہوں نے حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نعت کے گجرے پیش کیے۔ خصوصی خطاب کے لیے فاضلہ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونیورسٹی صفیہ اشفاق کو دعوت دی گی، انہوں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حضرت فاطمۃ الزھرہ رضی اللہ عنہا سے بے پناہ محبت تھی جس کے اظہار کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ فاطمہ میرے جسم کا حصہ ہے، جس نے اسکو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا اور جو فاطمہ رضی اللہ عنہا سے محبت کرے گا وہ دوزخ کے عذاب سے آزاد ہے۔

سیدہ فاطمۃ الزھراء رضی اللہ عنہا سیدہ کائنات اور سیدہ محشر ہیں جبکہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا حسن سیرت اور حسن بصیرت کا مرقع تھی، آٹھ ہزار صحابہ اور صحابیات انکے شاگرد تھے، زہد و تقوی میں بلند مقام رکھنے والی عابدہ، مجاہدہ اور سخی خاتون تھی۔ آپ سے 2210 احادیث مبارکہ کا ایک عظیم علمی خزانہ امت مسلمہ کو میسر آیا۔ خواتین کے پُر زور اصرار پر شیماء نعت کونسل نے دوبارہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ منہاج ویمن لیگ ناروے کی صدر رافعہ رؤف نے سب خواتین کا سیرت کانفرنس میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے 13-11 ستمبر کو ہونے والے نفلی اعتکا ف کے بارے میں اعلانات کیے اور دعوت دی کہ محفل میں شریک ہر بہن نفلی اعتکاف میں ضرور شرکت کریں اور اپنے بچوں اور بچیوں کو بھی ساتھ لائے۔

اسکے علاوہ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن ناروے کے زیر اہتمام جاری پروگرامز کے متعلق بھی تفصیل سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے پروجیکٹ۔ ’’آغوش’’ کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی جسے حاضرین نے بہت سراہا۔ پروگرام کے آخر میں درودو سلام کے بعد وسیع پیمانے پر افطاری کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریباً 300 مہمانوں کو منہاج ویمن لیگ نے روزہ افطار کروایا، دعا ہے کہ اللہ پاک منہاج ویمن لیگ کو مزید استحکام اور ترقی عطا کرے اور دین مصطفوی کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض شازیہ اعوان نے احسن طریقے سے انجام دیے۔

رپورٹ و تصاویر : عائشہ خان (منہاج ویمن لیگ ناروے)

تبصرہ

Top