اوکاڑہ: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

22 ستمبر 2013ء بروز اتوار کو پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ کے زیرانتظام حق میرج لان ایک عظیم الشان ضلعی ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈویژنل کنوئینر تنویر اعظم سندھو، ڈویژنل کوآرڈینیٹر ملک مشتاق احمد نوناری، نائب کوآرڈینیٹر ذوالفقار علی قادری شامل تھے۔علاوہ ازیں تحریک منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے بھی اس کنونشن میں شرکت کی۔

کاروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام ِ مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کی سعادت قاری عظمت علی کے حصے میں آئی۔

ساہیوال ڈویژن کے ناظم مشتاق نوناری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انقلاب کے لئے عَلم بلند کر دیا ہے، اب ہمیں انقلاب لانے اور اس ظالم استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے ان کا دست و با زو بننا ہوگا۔

مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کارکنوں کے اُس جوش و ولولہ کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس کا مظاہرہ انہوں نے 23 دسمبر 2012ء کے عدیم المثال اجتماع، 14 جنوری 2013ء کے عدیم المثال لانگ مارچ اور 11 مئی کو کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف احتجاجی دھرنے کی صورت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب لانے کے لئے اسی جوش و جذبہ کی ضرورت ہے۔ ہمارا مقابلہ اس ظالم استحصالی نظام سے ہے جس کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہمیں اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دست و بازو بننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب سرزمینِ پاکستان سے غربت، دہشت گردی، جہالت اور مہنگائی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نمازِانقلاب کی تیاریاں تیز کردیں، آپ سب نے 23 دسمبر سے 11 مئی تک جو قربانیاں دی ہیں، اب ان قربانیوں کے نتائج مصطفوی انقلاب کی صورت میں آنے والے ہیں۔ آپ ہر گھر کے دروازے پر دستک دیں۔ عوام کو بتائیں کہ اگر خوشحالی چاہتے ہو تو آج وقت ہے ڈاکٹر طاہرالقادری کا سا تھ دو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم گورنمنٹ کو 1 سال کا وقت دیتے ہیں اگر یہ واقعی عوام کے ساتھ مخلص ہیں اور ڈیلیور کر سکتے ہیں تو کریں۔ اگر عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لیے انہوں نے کچھ نہ کیا تو انشاء اللہ ایک سال بعد ان کا دھٹرن تختہ ہوگا اور عوام کی حکومت ہوگی۔ تب سارے چور، لیٹرے بھاگیں گے بھی توان کو بھاگنے نہیں دیا جائیگا۔

اس موقع پر ضلع بھر کی تحصیلی تنظیمات جن میں حویلی لکھا، دیپالپور، حجرہ شاہ مقیم، بصیر پور اور یونین کونسلز کی تنظیمات سمیت، تحریک کے جملہ فورمز کے عہدیداران و کارکن بھی موجود تھے۔؛

کنونشن کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔

رپورٹ: عابد حسین حسنی منہاجئین، حافظ ساجد علی، محمد احمد بابر (سیکرٹری انفارمیشن MSM حویلی لکھا)

تبصرہ

Top