منہاج خیمہ بستی اکوڑہ خٹک میں سحری اور افطاری کا خصوصی پروگرام

رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں متاثرین سیلاب کی خدمت اور بحالی کے کام میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے بارہ ہزار رضاکاران مصروف عمل ہیں جو پہلے دن سے اس آزمائش سے نبرد آزما ہونے کے لیے متاثرین کے شانہ بشانہ مصروف عمل ہیں۔ اس وقت تک قائم شدہ 21 خیمہ بستیوں میں متاثرین کے لیے سحری اور افطاری کا بہترین انتظام تو معمول کے مطابق روزانہ ہوتا ہے تاہم 24 رمضان المبارک کو منہاج خیمہ بستی اکوڑہ خٹک میں متاثرین سیلاب کی لیے ایک خصوصی افطار اور سحری پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ ان پروگرامز میں ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، بلال مصطفوی (ایڈوائزر میڈیا)، الطاف شاہ (انچارج خیمہ بستی)، لیاقت علی (منہاج ایمبولینس سروس اکوڑہ خٹک) اور دیگر احباب نے شرکت کی۔

انچارج خیمہ بستی الطاف شاہ نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاران دن رات آپکی خدمت میں مصروف ہیں اور اس آزمائش کی گھڑی میں قائدین بھی ہمارے ساتھ ہیں جو دن رات ایک کر کے پورے ملک کے متاثرین کے پاس سامان لے کر پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خدمت اور جدوجہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک آپ لوگ اپنے گھروں کو واپس لوٹ کر از سر نو معمول کی زندگی شروع نہیں کر دیتے۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے حکم پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قائدین اور کم و بیش 12 ہزار کارکنان اس وقت متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ اس وقت تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 21 خیمہ بستیاں آباد ہیں جہاں ضروریات زندگی کی تمام سہولیات دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم اس بہت بڑی آزمائش سے صبر اور ہمت سے ہی نکلا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے خیبر پختونخوا کے بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ہے اور خدمت کی ہے۔ ہمارا خدمت کا یہ سفر جو سیلاب کے پہلے روزہی شروع ہو چکا تھا جب سیلاب کی بپھری ہوئی طوفانی موجوں نے نوشہرہ، اکوڑہ خٹک اور چارسدہ کے علاقوں کو قیامت صغریٰ کے دل دہلا دینے والے مناظر میں بدل دیا تھا اور ہماری خدمت کا یہ سفر اس دن تک جاری رہے گا جس دن تک ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ، جوان اور ننھے معصوم بچے اپنے گھروں کو لوٹ نہیں جاتے۔ مصیبت کے ان لمحات میں آپ تنہا نہیں ہیں بلکہ ہم آپکے ساتھ ہیں اور عملی طور پر آپکے ساتھ ہیں۔ ان مواقع پر پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

(رپورٹ: بلال مصطفوی)

تبصرہ

Top