سندھ کے متاثرین سیلاب متاثرین کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں شروع

سندھ میں ملک کے بدترین سیلاب کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ریلیف سرگرمیوں کے پہلے مرحلے میں میر پور خاص، ڈگری اور گلارچی بدین میں خیمہ بستیاں لگائی جا رہی ہیں۔

مرکزی سیکرٹریٹ میں امدادی سامان کے ٹرک سندھ کے متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ قاضی فیض الاسلام، قاضی محمود الاسلام، محمد افضال غوث، احمد معین اور دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے کئی علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔ صوبہ سندھ ان بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں، بھوک اور امراض سے درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سیلابی بارشوں سے متاثرہ افراد اور خاندانوں نے سڑکوں پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سندھ کے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میرپور خاص، ڈگری اور گلارچی بدین میں خیمہ بستیاں لگائی جارہی ہیں، جہاں بے گھر لوگوں کو عارضی رہائش دی جائے گی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اُن کے کھانے پینے اور طبی سہولیات کا انتظام بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے لاہور سمیت پورے ملک کی تنظیمات کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ وہ متاثرین سیلاب کے لیے فنڈز کولیکشن کیمپس لگائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ راشن، ادویات اور فنڈز اکھٹے کر کے متاثرین سیلاب کو بھجوائے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پہلے مرحلے میں صوبہ سندھ میں ٹرکوں کے ذریعے خیمہ بستیوں کا سامان اور راشن بھجوایا جارہا ہے۔

افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ ملکی انتظامیہ، پاک فوج اور پاک بحریہ لوگوں کی امداد کر رہی ہیں لیکن یہ امداد متاثرہ افراد کی تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین سیلاب کی دل کھول کر امداد کریں۔ ساری قوم کو ایک بار پھر اسی ایثار اور جذبے کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو انہوں نے 2010ء کے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے کیا تھا۔

تبصرہ

Top