تحریک منہاج القرآن (پنجاب) کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس

یکم جولائی بروز اتوار تحریک منہاج القرآن پنجاب کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر مجلس شوریٰ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ صدارت امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت شریف کے ساتھ ہوا۔ میزبانی کے فرائض سید توقیر الحسن گیلانی ناظم پنجاب نے ادا کئے۔

اس موقع پر امیر پنجاب احمد نواز انجم نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (صدر مجلس شوریٰ تحریک منہاج القرآن) کو تمام صوبائی عہدیدران کا تعارف کروایا اور انہیں پنجاب میں تحریک کے تنظیمی نیٹ ورک کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ امیر پنجاب نے پنجاب کے تمام کارکنوں کی جانب سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو PhD مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن پنجاب کے تمام عہدیدران کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی رسول نما تحریک ہے، جس کی قیادت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کر رہے ہیں۔ پوری دنیا میں اللہ رب العزت نے تھوڑے عرصے کے اندر تحریک کو وہ فروغ، قبولیت اور پذیرائی عطا کی ہے جس نے اسلام کے حقیقی چہرے کو واضح کیا ہے اور اسے دہشت گردی کے ساتھ نتھی ہونے سے بچایا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ہم ایک انقلابی تحریک کے کارکن ہیں اور ہماری منزل مصطفوی انقلاب ہے۔ انقلاب پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کی سیج ہے۔ کارکن کانٹوں پر چلنے کا طریقہ سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف نفسا نفسی کا عالم ہے، دینی شعائر کمزور ہورہے ہیں، دین سے دوری فروغ پا رہی ہے، ہر سمت کرپشن، ظلم اور استحصال ہے، جبر و بربریت اور لاقانونیت ہے۔ یہاں مفادات کی جنگ ہے جس میں بدقسمتی سے سیاسی اور مذہبی قیادت بھی مبتلا ہے۔ ان حالات میں سفر کرنا اور منزل مقصود تک پہنچنے کا خواب پوری قوم میں شعور کو بیدار کیے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔ آپ اس وقت تک منزل کو نہیں پاسکتے جب تک بیداری شعور کی مہم کامیاب نہ کریں۔

اجلا س کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ : عتیق چوہدری

تبصرہ

Top