23 دسمبر کو ملک کی بقا اور استحکام کی بنیاد رکھی جائے گی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری

ملک کو لوٹنے والے مقتدر طبقات کو اختیارات سے محروم کرنے کا وقت آن پہنچا
ہزاروں طلبہ نے سڑک پر لفظ CHANGE لکھ کر پوری قوم کو مؤثر پیغام دیا
ہزاروں طلبہ نے پریس کلب تا ایوان اقبال نظام انتخاب کے خلاف ہاتھوں کی زنجیر بنائی

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام لاہور کے کالجز اور یونیورسٹیز کے ہزاروں طلبہ نے نظام انتخاب میں تبدیلی کیلئے پریس کلب تا ایوان اقبال ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔ طلباء موجودہ نظام انتخاب کے خلاف پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔ طلباء نے ایوان اقبال اور مقامی ہوٹل کے درمیان سڑک پر لفظ CHANGE لکھ کر قوم کوموجودہ نظام انتخاب کے خلاف مؤثر پیغام دیا۔ تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری کے آنے پر طلباء نے انتہائی نظم کا مظاہرہ کرتے ہوئے لفظ CHANGE کی حالت میں کھڑے رہتے ہوئے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس دوران وہ قومی پرچم اور تحریک منہاج القرآن کے جھنڈوں کو لہراتے ہوئے ’’کون کرے گا رہنمائی حسن بھائی حسین بھائی‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو بے روزگاری کی آگ میں جلانے والے طبقات کو اختیارات سے محروم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ آج کا نوجوان بیدار بھی ہے اور باشعور بھی۔ ہزاروں محکوم طلبہ موجودہ نظام انتخاب کے خلاف باہر نکل آئے ہیں اس لئے اب تبدیلی آ کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آمد اس دھرتی کو وقار، استحکام، نوجوانوں کو روشن مستقبل اور عوام کو خوشحالی عطا کرے گی اور تاریکی اجالے سے بدل جائے گی۔ 23دسمبر کو ملک کی بقا اور استحکام کی بنیاد رکھی جائے گی۔ 23 دسمبر کے دن اہل لاہور شہر کو ایسا سجائیں گے کہ قوم کو پتہ چل جائے گا ان کا نجات دہندہ آن پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان اور فرد اس قوم کی قیادت ہے۔ نوجوانوں کی امنگوں کو قتل کرنے والے مقتدر طبقات نے اس ملک کو بہت لوٹ لیا مگر اب ملک کا نوجوان جاگ اٹھا ہے اور اسے شعور ہے کہ 18 کروڑ عوام کا اعزاز پاکستان اور پاکستانیت ہے۔

تبدیلی کیلئے زنجیر بنانے والے طلباء سے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تجمل حسین انقلابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے طلباء اور نوجوان ڈاکٹر طاہر القادر ی کی قیادت میں تحریک پاکستان والے کردار کو دہرا کر پاکستان کی تشکیل کریں گے۔ رانا راحیل اور دیگر طلباء قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top