ضلع بارکھان : صدر ایم ایس ایم تجمل حسین انقلابی کا دورہ بلوچستان

مورخہ 03، 04 دسمبر 2012ء کو مرکزی صدر ایم ایس ایم تجمل حسین انقلابی نے بلوچستان کا دو روزہ تنظیمی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ سیمینارز سے خطابات کیے اور کارنر میٹنگز بھی منعقد کیں۔ اس دورہ میں ان کے ساتھ عنایت حسین منہاجین، صدر ایم ایس ایم بارکھان صابر علی اور جنرل سیکرٹری آزاد خان تھے۔ مختلف اداروں میں منعقدہ سیمینارز اور کارنر میٹنگز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی غیور عوام اور طلبہ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، مشکل ترین حالات میں زندگی بسر کرنے کے باوجود امید لئے بیٹھے ہیں کہ ان شاء اللہ ہم اس نظام کو نیست و نابود کردیں گے، جس نے بلوچستان کو مایوسیوں اور اندھیرے کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کینسر زدہ ہو چکا ہے، اگر یہی سسٹم جاری رہا تو پوری قوم کی موت واقع ہوجائے گی۔ اس کینسر زدہ سسٹم کی سرجری کے لیے ایک اچھے سرجن کی ضرورت تھی اور قوم کو مبارک ہو کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر کو اس کینسرزدہ نظام کی سرجری کے لیے پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ 23 دسمبر کو مینارِ پاکستان پر ہونے والا سیاست نہیں ریاست بچاؤ عوامی اجتماع تحریک منہاج القرآن کا نہیں، بلکہ پوری پاکستانی قوم کا جلسہ ہوگا۔ ہر محبِ وطن اور دردِ دل رکھنے والا پاکستانی اس میں شریک ہو کر موجودہ کرپٹ سسٹم کے خلاف نفرت کا اظہار کرے۔

 انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو بیوقوف بنانے کا نام سیاست ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سیاست میں حصہ لینے نہیں، بلکہ ر یاست کو بچانے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ اگر ہم عزت سے زندہ رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی روش پر چلنا ہوگا اور اگر ہم ذلت کی موت چاہتے ہیں تو یزید کے طرزِ عمل کو جاری ر کھنے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک ایسا نظام دیں گے جس میں کسی بےکردار کا اسمبلی میں پہنچنا ممکن نہیں ہوگا، اور ملکی سیاست پر مسلط چند خاندانوں کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی۔

تبصرہ

Top