پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام نظام بدلو رکشہ ریلی

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام لکشمی چوک تا شملہ پہاڑی نظام بدلو رکشہ ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چوہدری محمد افضل گجر صدر عوامی تحریک لاہور نے کی۔ جبکہ حبیب اللہ بٹ صدر داد رسی سیل لاہور، بھٹی آرگنائزیشن PAT لاہور، سعود احمد خان جنرل سیکرٹری عوامی تحریک لاہور اور حاجی محمد اسحاق چیئرمین عوامی تاجر لاہور نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

شرکاء رکشہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد افضل گجر صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ اگر عوام اس عوام دشمن نظام سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو قومی یکجہتی کا ثبوت دیتے ہوئے 23 دسمبر کو مینار پاکستان پہنچیں۔

حافظ غلام فرید صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور نے کہا اس وقت کاروباری طبقہ سب سے زیادہ موجودہ حالات سے پریشان ہے۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں اور سرمایہ بیرون ملک منتقل ہوتا جا رہا ہے۔ جبکہ بیرونی سرمایہ کاری کا گراف بہت نیچے آ گیا ہے۔ کاروباری طبقہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو امید کی آخری کرن سمجھتا ہے، اس لیے تاجر برادری انہیں خوش آمدید کہتی ہے اور ان کے قومی ایجنڈا کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

محمد صابر عرف بھولا صدر عوامی رکشہ یونین لاہور نے کہا کہ رکشہ ڈرائیور کے مسائل حل کرنے میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ لہذا ہم پورے جوش و خروش سے مینار پاکستان پہنچیں گے۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری عوامی رکشہ یونین محمد جاوید شاکر نے بھی خطاب کیا۔ اس ریلی میں لاہور بھر سے رکشہ یونین کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

Top