منہاج یوتھ کے تحت متنازعہ فیصلہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ متعصب اور متنازع آسٹریلوی کرکٹ ایمپائر ڈیرل ہیئر کے متعصبانہ اور غیر منصفانہ فیصلے کے خلاف پوری قوم شدید احتجاج کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایمپائر ایک متعصب شخص ہے اور اس کے ماضی کا طرز عمل بھی اس بات کا گواہ ہے۔ اس کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کے خلاف حالیہ فیصلہ قطعی جانبدارانہ اور غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ کی ضرورت نہ تھی اور کرکٹ گراؤنڈ میں نصب ٹی وی کیمروں نے بھی ایمپائر ڈیرل ہیئر کے الزامات کی تصدیق نہیں کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیف کوآرڈینیٹر عمران بھٹی نے کہا کہ ڈیرل ہیئر پہلے ہی متنازع ایمپائر ہے اور ہم اس کے متعصبانہ رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرل ہیئر کا یہ فیصلہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اور پاکستانی قوم کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے اور اس سے کروڑوں کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔ مظاہرین نے ڈیرل ہیئر اور ICC کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی اور ICC سے مطالبہ کیا کہ ڈیرل ہیئر پر مستقل طور پر پابندی عائد کی جائے اور آئندہ بھی کسی جانبدار اور متنازع ایمپائر کی تقرری نہ کی جایا کرے۔ انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے مطالبہ کیا کہ اس غیر منصفانہ فیصلہ کے خلاف ایک روزہ میچوں کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر امجد ڈار نے کہا کہ کرکٹ گراؤنڈ میں لگے 26 ٹی وی کیمروں میں سے کسی ایک نے بھی ڈیرل ہیئر کے مؤقف اور فیصلہ کی تصدیق نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرل ہیئر ایک جھوٹا ایمپائر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ سے آؤٹ کرنے کی سازش بھی ہو سکتا ہے۔ انضمام الحق پر لگائے گئے الزامات پاکستانی ٹیم کو بدنام کرنے کی ایک بھونڈی سازش ہے اور ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی سنجیدگی سے تحقیقات کروائی جائیں اور ICC پر زور دیا کہ ڈیرل ہیئر کو برطرف کیا جائے اور دنیائے کرکٹ کی عظیم کرکٹ ٹیم پر عائد کئے گئے الزامات کی تحقیق غیر جانبدارانہ طریقہ سے کروائی جائے۔ مظاہرین نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور انضمام الحق کی حمائت میں شدید نعرہ بازی کی اور انگلینڈ ٹیم کو ناجائز طریقے سے جتوانے کے حوالے سے اسے کرکٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ قرار دیا۔ مظاہرہ کی قیادت ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ساجد محمود بھٹی نے کی جبکہ محمد شعیب مغل، ساجد گوندل، زبیر گیلانی، ظہیر عباس گجر اور بلال مصطفوی بھی موجود تھے۔

تبصرہ

Top