روزہ سے تقویٰ اور محبت الٰہی حاصل ہوتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

قائد تحریک منہاج القرآن کی رمضان المبارک کی آمد پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد

Dr Tahir ul Qadri felicitates all Muslims on the holy month of Ramdhan-ul-Mubarak

لاہور (2 اپریل 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اُمت مسلمہ کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام انسانیت کی فلاح، بقاء اور اجتماعیت کا دین ہے۔ روزہ اجتماعیت پر مبنی کیفیات اور تقویٰ و طہارت کا مظہر ہے۔ روزہ کے فضائل بے اندازہ ہیں مگر اس کی ایک حقیقت اور فضیلت یہ ہے کہ اللہ اپنے بندے سے چاہتا ہے کہ وہ کچھ عرصہ کے لئے بھوک، پیاس برداشت کرے تاکہ ان بندوں کی بھوک، پیاس کی کیفیت اور شدت کو اپنے اندر محسوس کر سکے جو غربت و بے روزگاری کی وجہ سے پیٹ بھر کر نہیں کھا پاتے یا بھوکے رہنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزہ کی عظیم عبادت کا یہ پیغام ہے کہ بھوکوں اور پیاسوں کا ہمیشہ خیال رکھیں اور انہیں حالات کے رحم وکرم پر نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور اسلام نے مومن کی ایک نشانی یہ بتائی ہے کہ مومن جسم واحد کی طرح ہوتے ہیں۔ جس طرح جسم کے ایک حصے کو تکلیف ہو تو پورا جسم بے چین ہو جاتا ہے اسی طرح جب کوئی بندہ دوسرے کی تکلیف کو اپنے جسم کی تکلیف کی طرح محسوس کرنے لگے تو یہ ایمان کامل کی نشانی ہے۔ یہ تمام فیوض و برکات روزہ کی عبادت اختیار کرنے سے حاصل ہوتے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ جو شخص ایمان کی حالت اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے سابقہ تمام گناہ بخش دیتا ہے۔ اللہ رب العزت ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے بہرہ مند فرمائے۔

تبصرہ

Top