ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا مرکزی قائدین کے ہمراہ شہر اعتکاف کا دورہ

Dr Hassan Qadri visits Itikaf City of MQI

لاہور (21 اپریل 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر قائدین کے ہمراہ بغداد ٹاؤن شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیکرٹری شہر اعتکاف کو ہدایت کی کہ معتکفین کے آرام اور سکون کا ہر ممکن خیال رکھا جائے تاکہ وہ پوری یکسوئی کے ساتھ عبادت و ریاضت میں مشغول رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اعتکاف ایک مسنون عبادت ہے اور اس کا بے اندازہ اجر و ثواب ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 20ویں روزہ شروع ہونے والے اجتماعی اعتکاف میں سنٹرل پنجاب، جنوبی پنجاب کے علاوہ خیبر پختون خواہ، بلوچستان، رورل سندھ، اربن سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت امریکہ، برطانیہ، یورپ سے معتکفین شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ”طہارۃ القلوب“کے موضوع پر معتکفین سے خطابات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا شہر اعتکاف اصلاح احوال اور روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ اتحاد امت کا مظہر ہوتا ہے۔ ملک بھر سے مختلف طبقہ فکر کے افراد شہر اعتکاف کا حصہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف 10 یوم کے لیے ایک منی پاکستان کا منظر پیش کر رہا ہوتا ہے۔ پاکستان کے ہر شہر، کلچر اورزبان کے لوگ یہاں اکٹھے ہوتے ہیں۔ معتکفین اللہ اور اس کے رسول ﷺکی نسبت کی شناخت کے ساتھ یہاں جمع ہوتے ہیں۔ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف اتحاد امت اور اسلامی اخوت کا عملی پرتو ہوتا ہے۔

تبصرہ

Top