منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام 300 مقامات پر ’’پیغام امام حسین ؓ‘‘ اور ’’اتحاد امت کانفرنسز‘‘ ہونگی

مورخہ: 03 اگست 2022ء

محرم الحرام 2022

منہاج القرآن علما کونسل لاہور کااجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی نائب صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی علامہ غلام اصغر صدیقی نے کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے ایام میں محراب و منبر سے امن و محبت رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے پر زور دیا گیا۔ ہر قسم کی فرقہ واریت، انتہا پسندانہ سوچ کی شدید مذمت کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں علماء نے زور دیا کہ حکمران اپنی شرعی و انتظامی ذمہ داریوں کو برؤے کار لاتے ہوئے محرم الحرام کی مقدس تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں تا کہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔

منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ محمد اشفاق علی چشتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منہاج القرآن علماء کونسل لاہور سمیت ملک بھر میں تین سو مختلف مقامات پر ”پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنسز“ منعقد کرے گی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے حق کی راہ پر چلتے ہوئے ظالموں کے خلاف نعرہ حق بلند کیا اور مسلمانوں کو یزیدی حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی سے محفوظ کرنے، حرمین شریفین کی پامالی کو روکنے اور اسکے شر سے بچانے کیلئے کربلا کا سفر اختیار کیا۔ نواسہ رسول نے یہ عظیم قربانی اس لئے دی تا کہ احترام انسانیت کو بقا نصیب ہو، دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اصل روح کا تحفظ ہو اور اسلام کے نظام مشاورت و جمہوریت کو زندگی ملے۔

محکوموں کو اپنی بقا کی جنگ لڑنے کا درس ملے۔ ظلم و جبر پر مبنی نظام کے خلاف آزادی کے متوالوں کو اٹھ کھڑے ہونے کا جذبہ ملے، دین اسلام کی امن پسندی، رواداری اور اخلاقی قدروں کو قیامت تک زندہ کر دیا۔

مفتی غلام اصغر صدیقی نے علما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام عدل و انصا ف، مساوات، انسانیت اور جمہوریت کے علمبردار تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرپشن، بے راہ روی اور انسانی حقوق پر شب خون مارنے کا نام یزید ہے۔ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کے قاتل کا نام یزید ہے۔ امام حسین علیہ السلام امن پسندی کے نمائندہ تھے اور یزید انسانیت کش، دہشت گردی کا نمائندہ تھا۔ آج ہمیں اتحاد و سلامتی، برداشت، رواداری، اخوت و بھائی چارے اور علم و عمل کی راہ پر چلنا ہے تو حضرت امام حسین علیہ السلام کی راہ پر چلنا ہو گا۔ دہشت گردی، بے راہ روی، عدم بر داشت اور قتل و غارت گری یزید کا راستہ ہے۔

اجلاس میں مفتی رفیق رندھاوا، علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی سمیت منہاج القرآن علما کونسل کے ضلعی صدور و ناظمین نے شرکت کی۔

تبصرہ

Top